Monday, May 04, 2026
 

کراچی میں ہیوی ٹریفک کے حادثات میں میاں، بیوی اور لڑکا جاں بحق

 



شہر میں ہیوی گاڑیوں سے پیش آنے والے ٹریفک حادثات میں میاں ، بیوی اور کمسن لڑکا جاں بحق ہوگیا، صدر میں شدید زخمی بزرگ شہری دوران علاج دم توڑ گیا ، جان لیوا خونی ٹریفک حادثات ٹینکر ، ٹرک اور نامعلوم گاڑی کی ٹکر سے پیش آئے۔ تفصیلات کے مطابق سپر ہائی وے کاٹھور پل کے قریب ٹریفک حادثے میں موٹر سائیکل سوار خاتون جاں بحق جبکہ شدید مرد زخمی ہوگیا، متوفیہ کی لاش اور زخمی شخص کو ایدھی کے رضا کاروں نے قریبی اسپتال پہنچایا۔ ایس ایچ او گڈاپ سٹی محمد علی شاہ اور ہیڈ محرر جہانگیر نے بتایا کہ حادثہ ٹینکر کی ٹکر سے پیش آیا ہے جس کا ڈرائیور موقع سے فرار ہوگیا تاہم پولیس نے ٹینکر کو اپنے قبضے میں لے لیا۔ انھوں نے بتایا کہ حادثے میں جاں بحق ہونے والی خاتون شدید زخمی شخص کی اہلیہ تھی اور اس کا شوہر بھی دوران علاج زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا جبکہ ایدھی حکام کے مطابق دونوں متوفین میاں اور بیوی کی شناخت 45 سالہ ارشد اور 40 سالہ افشین کے نام سے کی گئیْ پولیس نے ڈرائیور کی گرفتاری کے لیے کوششیں تیز کردی ہیں۔ اس کے علاوہ لیاری کے علاقے چاکیواڑہ میراں ناکہ مرغی والی گلی کے قریب ٹریفک حادثے میں کمسن راہگیر لڑکا شدید زخمی ہوگئی جسے انتہائی تشویشناک حالت میں چھیپا کے رضا کاروں نے سول اسپتال پہنچایا جہاں وہ زندگی کی بازی ہار گیا۔ ریسکیو رضاکاروں کے مطابق متوفی کو سر پر گہری چوٹ آئی تھی جبکہ حادثہ ٹرک کی ٹکر سے پیش آیا ہے اور ڈرائیور موقع سے فرار ہوگیا ہے۔ اس حوالے سے چاکیواڑہ پولیس مزید تحقیقات کر رہی ہے۔ دریں اثنا صدر چلو کباب کے قریب ٹریفک حادثے میں بزرگ شہری شدید زخمی ہوگیا۔ چھیپا کے حکام کے مطابق حادثہ نامعلوم گاڑی کی ٹکر سے پیر کی شب ساڑھے نو بجے کے قریب پیش آیا تھا جسے تشویشناک حالت میں جناح اسپتال لیجایا گیا جہاں وہ دوران علاج زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ دیا۔ متوفی کی شناخت 60 سالہ شوکت علی ولد محمد علی کے نام سے کی گئی اس حوالے سے پولیس مزید معلومات حاصل کر رہی ہے ۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل