Monday, May 04, 2026
 

حیدرآباد، بجلی کا ٹرانسفارمر خراب ہونے پر شہری سڑکوں پر نکل آئے

 



گدی قبرستان حالی روڈ پر بجلی کا ٹرانسفارمر خراب ہونے کے باعث العزیز کالونی سمیت اطراف کے علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی جس پر مشتعل علاقہ مکینوں نے شدید احتجاج کیا۔ مظاہرین نے حیسکو حالی روڈ سب ڈویژن کے خلاف نعرے بازی کرتے ہوئے مرکزی سڑک پر ٹائر نذر آتش کر دیے جس کے باعث ٹریفک کی آمدورفت مکمل طور پر معطل ہو گئی اور شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ احتجاج کرنے والے افراد کا کہنا تھا کہ ٹرانسفارمر خراب ہونے کی اطلاع بروقت متعلقہ حکام کو دے دی گئی تھی تاہم کئی گھنٹے گزرنے کے باوجود بجلی بحال نہیں کی گئی۔ مظاہرین نے شکوہ کیا کہ شدید گرمی میں طویل لوڈشیڈنگ نے زندگی اجیرن بنا دی ہے اور حکام کی عدم توجہی صورتحال کو مزید خراب کر رہی ہے۔ شہریوں نے مطالبہ کیا کہ فوری طور پر ٹرانسفارمر مرمت کرکے بجلی کی فراہمی بحال کی جائے بصورت دیگر احتجاج کا دائرہ مزید وسیع کیا جائے گا۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل