Wednesday, May 06, 2026
 

کرکٹ میں اے آئی کا استعمال کرکے چھکے لگانے کی صلاحیت میں اضافے کا پلان

 



اے آئی ٹیکنالوجی اب کرکٹ کو بھی بدلنے کیلیے تیار ہے، گیندوں پر چپ لگاکر اہم ڈیٹا حاصل کرنے کی آزمائش شروع ہوچکی ہے۔ برطانوی اخبار کی رپورٹ کے مطابق تین انگلش کاؤنٹیز کینٹ، لنکا شائر اور گلیمورگن نے اے آئی کا استعمال شروع کردیا ہے جس سے چھکے لگانے کی صلاحیت میں اضافہ ہوگا۔ اس نئی ٹیکنالوجی میں گیند کے اندر ایک چھوٹی سی چپ نصب کی جا رہی ہے، یہ چپ اور ساتھ موجود سینسرز گیند کی حرکت، رفتار اور زاویے جیسے اہم ڈیٹا کو ریکارڈ کرتے ہیں، جس سے کھلاڑیوں کی تربیت اور سلیکشن کا طریقہ بدل سکتا ہے۔ اس سسٹم کے ذریعے بیٹ اور گیند کی رفتار، شاٹ کا زاویہ اور دیگر تفصیلات معلوم کی جاسکتی ہیں، یہ ٹیکنالوجی آرس سمولیشنز نے تیار کی ہے جس میں مصنوعی ذہانت (اے آئی) کا استعمال کر کے نیٹ پریکٹس کو حقیقی میچ جیسا بنایا جا سکتا ہے، بیٹرز کو ہر شاٹ کے ممکنہ نتیجے کا اندازہ ہوتا ہے۔ رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا کہ یہ ٹیکنالوجی خاص طور پر ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں چھکے لگانے کی صلاحیت بہتر بنانے میں مدد دے رہی ہے، جہاں گیند کو ہٹ کرنے کا بہترین زاویہ (تقریباً 35 سے 42 ڈگری) معلوم کیا جا سکتا ہے۔ ماہرین کے مطابق یہ ٹیکنالوجی کرکٹ کا انقلابی لمحہ ثابت ہو سکتی ہے، جس سے کھیل میں ڈیٹا کا استعمال بہت بڑھ جائے گا البتہ یہ انسانی مہارت کو ختم نہیں کرے گی بلکہ اسے مزید بہتر بنانے میں مدد دے گی۔ مستقبل میں اس ٹیکنالوجی کو میچز میں بھی استعمال کیا جا سکتا ہے تاکہ ناظرین کو زیادہ تفصیلی معلومات فراہم کی جا سکیں۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل