Loading
پاکستانی شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ نمرہ خان نے اپنی دوسری شادی کے بعد بالآخر اپنے شوہر سے متعلق وہ تفصیل بھی مداحوں کے ساتھ شیئر کردی ہے جس کا سب کو بے چینی سے انتظار تھا۔
اداکارہ نے حال ہی میں پیرس میں ہونے والی اپنی شادی کی خوبصورت تصاویر سوشل میڈیا پر شیئر کرکے مداحوں کو خوشخبری سنائی تھی۔ ان تصاویر میں نمرہ خان گلابی رنگ کے مغربی طرز کے خوبصورت گاؤن میں جلوہ گر ہوئیں، جبکہ ان کے شریکِ حیات سرمئی سوٹ میں نظر آئے، تاہم ابتدائی تصاویر میں انہوں نے اپنے شوہر کا چہرہ چھپائے رکھا تھا۔
شادی کے اعلان کے ساتھ نمرہ خان نے ایک جذباتی پیغام بھی شیئر کیا تھا، جس میں انہوں نے اپنی نئی زندگی کو اللّٰہ کی پہلے سے لکھی ہوئی خوبصورت تقدیر قرار دیا۔
اب اداکارہ نے اپنے نکاح کی تقریبات کی تصاویر بھی مداحوں کے ساتھ شیئر کر دی ہیں، جن میں پہلی بار ان کے شوہر کا چہرہ واضح طور پر سامنے آیا۔ نکاح کے موقع پر نمرہ خان نے سفید اور سنہری رنگ کے روایتی لباس کا انتخاب کیا، جبکہ ان کے شوہر بھی سفید شلوار قمیض کے ساتھ سنہری کڑھائی والے شیروانی نما کوٹ میں دکھائی دیے۔
انسٹاگرام اسٹوریز میں نمرہ خان نے اپنی شادی کے کیک کی تصاویر بھی شیئر کیں، جس پر ایک جہاز اور پائلٹ جوڑے کا خوبصورت ماڈل بنایا گیا تھا۔ اسی پوسٹ کے ذریعے انہوں نے مداحوں کو بتایا کہ ان کے شوہر پیشے کے اعتبار سے پائلٹ ہیں۔
اداکارہ نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے لکھا کہ ایک پائلٹ سے شادی کرنا ان کا خواب تھا، جو اب حقیقت بن چکا ہے۔
اُنہوں نے لکھا ہے کہ میرے شوہر پیشے کے لحاظ سے ایک کیپٹن ہیں اور محبت میں وہ میرے ہیں، تاہم نمرہ خان نے اپنے شوہر کا نام اب بھی ظاہر نہیں کیا ہے۔
View this post on Instagram
واضح رہے کہ نمرہ خان کی یہ دوسری شادی ہے، اس سے قبل انہوں نے 2020 میں راجہ افتخار سے شادی کی تھی، تاہم یہ رشتہ چند ماہ بعد ختم ہو گیا تھا۔
نمرہ خان کی جانب سے یہ انکشاف سامنے آنے کے بعد مداحوں، شوبز شخصیات اور فالوورز کی جانب سے مبارکباد اور نیک تمناؤں کا سلسلہ مزید تیز ہو گیا ہے۔ ان کی نئی زندگی کے اس آغاز کو مداح خاصی دلچسپی اور محبت سے دیکھ رہے ہیں۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل