Loading
تھانہ مندرہ کے علاقے ماہندر میں عید کی شب اراضی اور مقدمہ بازی کے تنازع پر دہرے قتل کی واردات میں باپ بیٹے کو گھات لگائے مخالفین نے فائرنگ کرکے قتل کردیا اور ملزمان فائرنگ کرتے ہوئے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔
پولیس نے واقعے کا مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کردی ہے۔
پولیس کے مطابق مقدمہ درج کراتے ہوئے موہڑہ پیرو ڈریال گوجرخان کے محمد افضال نے بتایا کہ وہ اپنے بھائی جاوید، بھتیجوں سبیل، لقمان اور محمد زین کے ہمراہ تھرجیال گاؤں اپنے کزن محمد مسعود کی تیمارداری کے لیے آئے ہوئے تھے۔
انہوں نے بتایا کہ رات گئے تھرجیال گاؤں سے موٹر سائیکلوں پر واپسی کے دوران جب وہ ڈھوک لوہدرہ بھٹہ خشت کے قریب پہنچے تو پہلے سے گھات لگائے غلام رسول اور ہارون، جو کلاشنکوف اور جدید اسلحہ سے لیس تھے، سامنے آگئے۔
مدعی مقدمہ کے مطابق انہوں نے موٹر سائیکلوں کی ہیڈ لائٹس کی روشنی میں ملزمان کو پہچان لیا، جس کے بعد غلام رسول اور دیگر ملزمان نے جاوید اور سبیل پر کلاشنکوف سے اندھا دھند فائرنگ کردی۔ فائرنگ کے نتیجے میں جاوید اور سبیل شدید زخمی ہوکر گر گئے اور موقع پر ہی دم توڑ گئے جبکہ ملزمان اسلحہ لہراتے ہوئے فرار ہوگئے۔
پولیس کے مطابق واقعے کی وجہ اراضی تنازع اور مقدمہ بازی کی رنجش بتائی گئی ہے۔ مدعی نے الزام عائد کیا کہ غلام رسول، ہارون، ظہور احمد، غفور احمد، محمد خاور اور ایزان نے باہم صلاح مشورے سے اس واردات کو انجام دیا۔
واقعے کی اطلاع ملنے پر مندرہ پولیس موقع پر پہنچی، شواہد اکٹھے کیے اور لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ دہرے قتل کا مقدمہ درج کرکے ملزمان کی گرفتاری کے لیے پولیس ٹیم تشکیل دے دی گئی ہے۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل