Monday, June 01, 2026
 

قومی اقتصادی کونسل کی جانب سے 1126 ارب کا ترقیاتی بجٹ منظور ہونے کا امکان

 



قومی اقتصادی کونسل (این ای سی) کی جانب سے بدھ کو آئندہ مالی سال 2026-27 کے لیے ایک ہزار 126 ارب روپے کے لگ بھگ وفاقی ترقیاتی بجٹ (پی ایس ڈی پی) کی منظوری کا امکان ہے جبکہ آئندہ مالی سال 2026-27 کے لیے معاشی شرح نمو(جی ڈی پی) اور صنعتوں کی ترقی کا ہدف چار چار فیصد اور زراعت کے شعبے کا ہدف 3.8 فیصد مقرر کئے جانے کا امکان ہے۔ ذرائع کے مطابق قومی اقتصادی کونسل کا اجلاس بدھ کو وزیراعظم میاں شہبازشریف کی زیر صدارت منعقد ہوگا اجلاس میں چاروں صوبوں کے وزرائے اعلی سمیت آزاد جموں و کشمیر اور گلگت بلتستان کے نمائندوں سمیت دیگر متعلقہ حکام شریک ہوں گے۔ وزارت منصوبہ بندی ذرائع کا کہنا ہے کہ آئندہ مالی سال 2026-27ء کا وفاقی ترقیاتی بجٹ 1126 ارب روپے رکھنے کی تجویز ہے اور مجوزہ رقم رواں سال کے نظرثانی شدہ ترقیاتی بجٹ 837 ارب سے 289 ارب روپے زیادہ ہے۔ حکام کے مطابق نئے بجٹ میں سب سے زیادہ 730 ارب روپے انفرا اسٹرکچر پراجیکٹس، 408 ارب سے زائد ٹرانسپورٹ اور مواصلات کے منصوبوں پر خرچ ہوں گے۔ سماجی منصوبوں کے لیے 40 ارب اضافے کے ساتھ 187 ارب روپے مختص ہوں گے۔ پانی کے منصوبوں پر 140 ارب اور توانائی پر 135 ارب روپے خرچ کیے جائیں گے علاوہ ازیں آئندہ مالی سال میں ارکان پارلیمنٹ کی ترقیاتی اسکیموں کے لیے بجٹ بڑھانے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے اور پائیدار ترقیاتی اہداف (ایس ڈی جیز) کا بجٹ 63 ارب سے بڑھا کر 70 ارب کرنے کی تجویز ہے۔ گورننس پر 10 ارب اور سائنس و آئی ٹی پر 44 ارب روپے خرچ ہوں گے، فزیکل پلاننگ اور ہاوٴسنگ سیکٹر کے لیے 45 ارب روپے مختص کرنے کا پلان ہے۔ ایچ ای سی سمیت تعلیم کے لیے 78.5 ارب روپے مختص کرنے کی تجویز ہے، صحت کے منصوبوں پر 24.3 ارب روپے خرچ کرنے کیے جائیں گے۔ آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان سمیت خصوصی علاقوں کیلئے 80 ارب مختص ہوں گے، ضم شدہ اضلاع کیلئے 66 ارب روپے رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے آئندہ مالی سال کیلئے معاشی شرح نمو اور صنعتوں کی ترقی کا ہدف 4،4 فیصد اور زراعت کے شعبے کا ہدف 3.8 فیصد مقر کئے جانے کا امکان ہے اور خدمات کے شعبے کیلیے 4.2 فیصد کا ہدف ہے۔ واضح رہے کہ رواں مالی سال میں معاشی ترقی کی رفتار 4.2 فیصد ہدف کے مقابلے میں 3.7 فیصد تک محدود رہنے کا تخمینہ ہے۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل