Friday, June 05, 2026
 

کراچی، شہر کے مختلف علاقوں میں پولیس مقابلے، 6 زخمیوں سمیت 9 ڈاکو گرفتار

 



شہر قائد کے مختلف علاقوں میں پولیس نے مبینہ مقابلوں کے دوران 6 زخمیوں سمیت 9 ڈاکوؤں کو گرفتار کرلیا، کارروائیوں میں اسلحہ، چھینے گئے موبائل فونز، نقد رقم اور موٹرسائیکلیں برآمد کرلی گئیں۔ موچکو پولیس نے ہاکس بے ابراہیم گوٹھ کے قریب مبینہ مقابلے کے بعد دو ڈاکوؤں کو زخمی حالت میں گرفتار کیا۔ چھیپا حکام کے مطابق زخمی ملزمان کو سول اسپتال منتقل کیا گیا جن کی شناخت مزمل اور نبی بخش کے ناموں سے ہوئی۔ پولیس نے موقع سے اسلحہ بھی برآمد کیا۔ شاہ لطیف پولیس نے بھینس کالونی ریلوے پھاٹک کے قریب کارروائی کرتے ہوئے مبینہ مقابلے میں زخمی سمیت دو ڈاکو گرفتار کیے۔ چھیپا کے مطابق زخمی ڈاکو کو جناح اسپتال منتقل کیا گیا جبکہ گرفتار ملزمان کی شناخت بلال اور عبدالحکیم کے ناموں سے ہوئی۔ پولیس نے ان کے قبضے سے اسلحہ، چھینی گئی رقم، موبائل فونز اور موٹرسائیکلیں برآمد کیں۔ عزیزآباد پولیس نے بلاک 8 محمدی گراونڈ کے قریب کارروائی کرتے ہوئے مبینہ مقابلے میں ایک زخمی سمیت دو ڈاکو گرفتار کرلیے۔ زخمی ملزم روزی خان کو عباسی شہید اسپتال منتقل کیا گیا جبکہ دوسرے ملزم سہیل کو تھانے منتقل کردیا گیا۔ پولیس کے مطابق دونوں سے اسلحہ اور چھینے گئے موبائل فونز و دیگر سامان برآمد ہوا۔ پریڈی پولیس نے صدر شالیمار بس اڈے کے قریب مبینہ مقابلے کے بعد ایک ڈاکو کو زخمی حالت میں گرفتار کیا جسے سول اسپتال منتقل کیا گیا۔ گرفتار ملزم کی شناخت 22 سالہ نور علی کے نام سے ہوئی۔ نیوکراچی انڈسٹریل ایریا پولیس نے صبا سینما کے قریب کارروائی کرتے ہوئے مبینہ مقابلے میں زخمی سمیت تین ڈاکو گرفتار کرلیے۔ چھیپا حکام کے مطابق زخمی ملزم نعمان کو اسپتال منتقل کیا گیا جبکہ دیگر دو ملزمان احسان اور محمد افتخار کو تھانے منتقل کردیا گیا۔ پولیس نے ملزمان سے اسلحہ، موبائل فونز، نقد رقم اور موٹرسائیکلیں برآمد کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل