Thursday, June 11, 2026
 

کراچی؛ بیوی پر تشدد اور اسکی ہلاکت کے مقدمے میں نامزد ملزم شوہر گرفتار

 



سرجانی ٹاؤن انویسٹی گیشن پولیس نے بیوی کو مبینہ طور پر تشدد کا نشانہ بنانے اور اس کی ہلاکت کے مقدمے میں نامزد ملزم شوہر شہریار بٹ کو گرفتار کرلیا ، شوہر کے مبینہ تشدد سے زخمی ہو کر سرجانی ٹاؤن میں اپنی رہائش گاہ سیف المری گوٹھ میں جاں بحق ہونے والی 18 سالہ مصباح کے قتل کا مقدمہ سرجانی ٹاؤن پولیس نے والدہ کی مدعیت میں قتل کی دفعہ کے تحت درج کیا تھا۔ اس حوالے سے ایس ایس پی انویسٹی گیشن ویسٹ دانیہ شاہ اور سرجانی ٹاؤن انویسٹی گیشن پولیس کے انچارج ایس آئی او ریاض احمد نے رابطہ کرنے پر ملزم کی گرفتاری کے حوالے سے بتایا کہ ملزم کو لوکیٹر کی مدد سے گرفتار کیا گیا ہے جس پر اپنی بیوی مصباح کو تشدد کا نشانہ بنانے کا الزام ہے ، جاں بحق ہونے والی مصباح 7 جون کو ملیر سٹی کے علاقے میں زخمی ہوئی تھی جو کہ 9 جون کی شب اپنے گھر سرجانی ٹاؤن سیف المری گوٹھ میں جاں بحق ہوگئی تھی جس کے بعد اس کی والدہ نے بیٹی کی ہلاکت کا ذمہ دار اس کے شوہر شہریار بٹ کو قرار دیا تھا۔ سرجانی ٹاؤن پولیس نے جاں بحق مصباح کی والدہ کی مدعیت میں اس کے شوہر کے خلاف مقدمہ درج کیا تھا ، ایسی ایس پی انویسٹی گیشن دانیہ شاہ کا کہنا تھا کہ جاں بحق ہونے والی مصباح کی وجہ موت کا تعین کرنے کے لیے لاش کا پوسٹ مارٹم کرانے کا فیصلہ کیا ہے جس کے لیے عدالت سے قبرکشائی کے حوالے سے اجازت لی جائیگی جبکہ مصباح کی ہلاکت کے بعد اہلخانہ نے لاش کا پوسٹ مارٹم کرانے سے انکار کیا تھا۔ دوسری جانب مومن آباد تھانے کی حدود اورنگی ٹاؤن 10 میں نوجوان حمزہ کی ہلاکت کے حوالے سے ایس ایس پی انویسٹی گیشن ویسٹ دانیہ شاہ نے بتایا کہ حمزہ کی پوسٹ مارٹم رپورٹ کا انتظار ہے جس کے آنے کے بعد اس کی وجہ موت کا حتمی تعین ہو سکے گا تاہم جائے وقوعہ سے ملنے والے ظاہری شواہد سے تو حمزہ کے قتل کے معلوم ہوتے ہیں۔  مومن آباد پولیس نے حمزہ کے والد کی مدعیت میں اس کی بیوی دعا اور اس کے سابقہ شوہر فہد کے خلاف قتل کا مقدمہ درج کیا تھا جس کے بعد پولیس نے حمزہ کی بیوی دعا کو گرفتار کرلیا تھا۔ حمزہ کی بیوی پولیس اہلکار ہے جبکہ حمزہ نے اس سے پسند کی شادی کی تھی اور 18 جون کو حمزہ اور دعا کا ولیمہ ہونا تھا تاہم ملزمہ دعا ریمانڈ پر پولیس کی تحویل میں ہے اور اس سے پولیس مختلف زاویوں سے تفتیش کر رہی ہے جبکہ ملزمہ کا سابقہ شوہر فہد مفرور ہے اوراس کی گرفتاری کے لیے پولیس کوششیں کر رہی ہے۔  دوسری جانب حمزہ کے اہلخانہ کا کہنا ہے کہ ہمارے بیٹے کا قتل ہوا ہے ، واقعے کی غیر جانبدارانہ اور شفاف تحقیقات کرائی جائیں۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل