Friday, June 12, 2026
 

بجلی، گیس اور پیٹرول پر عائد ٹیکسز مسترد، حافظ نعیم کا ملک گیر تحریک کا عندیہ

 



لاہور: جماعت اسلامی کے امیر حافظ نعیم الرحمن نے بجٹ میں پیٹرول، بجلی اور گیس پر عائد ٹیکس کو مسترد کرتے ہوئے ملک گیر تحریک شروع کرنے کا عندیہ دے دیا۔ تفصیلات کے مطابق منصورہ سے ملک بھر کے نوجوانوں سے آن لائن خطاب کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ جماعت اسلامی بجٹ کا جائزہ لینے کے بعد آئندہ ایک دو روز میں اہم اعلان کرے گی۔ انہوں نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ عوامی حقوق کی جدوجہد کے لیے تیار رہیں اور تحریک میں فعال کردار ادا کریں۔ دنیا میں آنے والی بڑی تبدیلیوں اور انقلابی تحریکوں میں نوجوانوں نے ہمیشہ مرکزی کردار ادا کیا ہے۔ جماعت اسلامی نوجوانوں کے ساتھ رابطوں کا سلسلہ جاری رکھے گی اور انہیں جلد آئندہ کے لائحہ عمل سے آگاہ کیا جائے گا۔ حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ عوام کو درپیش مسائل کے حل کے لیے بھرپور جدوجہد کی جائے گی۔ انہوں نے تاجر برادری سے بھی اپیل کی کہ وہ عوام دشمن پالیسیوں کے خلاف آواز بلند کرنے میں جماعت اسلامی کا ساتھ دے۔ انہوں نے کہا کہ اسلام ایک مکمل ضابطہ حیات ہے جو عدل، مساوات اور انسانیت کی فلاح کا پیغام دیتا ہے۔ ان کے مطابق جماعت اسلامی اسی فکر کی بنیاد پر معاشرے میں مثبت تبدیلی کے لیے جدوجہد کر رہی ہے۔ ملکی سیاسی اور معاشی صورتحال پر گفتگو کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ عوام کے حق حکمرانی کو کمزور کیا جا رہا ہے اور ملک میں بنیادی سہولیات کا فقدان ہے۔ انہوں نے کراچی سمیت مختلف شہروں میں انفراسٹرکچر، صحت اور تعلیم کے مسائل کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ عوام مسلسل مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں۔ انہوں نے پٹرولیم لیوی اور بجلی کے شعبے سے متعلق حکومتی پالیسیوں کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ عوام پر بھاری ٹیکسوں کا بوجھ ڈالا جا رہا ہے جبکہ انہیں مناسب سہولیات فراہم نہیں کی جا رہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ تنخواہ دار طبقہ سب سے زیادہ ٹیکس ادا کر رہا ہے جبکہ مراعات یافتہ طبقات نسبتاً کم بوجھ برداشت کرتے ہیں۔ حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ ملک کے مختلف حصوں میں کرپشن اور بدانتظامی کے باعث عوام بنیادی سہولتوں سے محروم ہیں۔ انہوں نے نوجوانوں کو جماعت اسلامی کے پلیٹ فارم سے منظم ہونے کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ گاؤں، محلوں اور یونین کونسل کی سطح پر یوتھ انتخابات کرائے جائیں گے تاکہ نوجوان قیادت کو آگے لایا جا سکے۔ منشیات کے بڑھتے ہوئے رجحان پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ لاکھوں نوجوان اس مسئلے سے متاثر ہو رہے ہیں۔ انہوں نے نوجوانوں کو منشیات سے دور رہنے، قرآن پاک کا مطالعہ کرنے اور سیرت النبی ﷺ سے رہنمائی حاصل کرنے کی تلقین کی۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی کے "بنو قابل" پروگرام کے ذریعے نوجوانوں کو ہنر، اخلاقی تربیت اور کھیلوں کی سرگرمیوں کے مواقع فراہم کیے جائیں گے، جبکہ ہر سطح پر ان کی سرپرستی کی جائے گی۔ آزاد کشمیر اور دیگر علاقوں کے مسائل سے متعلق ایک سوال کے جواب میں حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ کشمیر، بلوچستان، خیبر پختونخوا، سندھ اور گلگت بلتستان سمیت ملک کے تمام علاقوں کے مسائل انصاف اور عوامی شمولیت کے ذریعے حل کیے جا سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مسائل کو دبانے، لوگوں کو جیلوں میں ڈالنے یا غداری کے الزامات لگانے سے مسائل حل نہیں ہوتے بلکہ مکالمے اور انصاف سے ہی پائیدار حل ممکن ہے۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل