Monday, June 15, 2026
 

62 سالہ خاتون کی پُراسرار موت، جھلسی ہوئی لاش کمرے سے برآمد

 



شہر قائد کے علاقے ایف سی ایریا میں فلیٹ کے اندر آتشزدگی کے پراسرار واقعے میں بزرگ خاتون جھلس کر جاں بحق ہوگئی۔ ایکسپریس نیوز کے مطابق شریف آباد تھانے کی حدود میں واقع ایف سی ایریا میں فلیٹ کے اندر آتشزدگی کے پراسرار واقعے میں بزرگ خاتون جھلس کر جاں بحق ہوگئی۔ پولیس نے موقع پر پہنچ کر کرائم سین یونٹ کو طلب کر کے شواہد حاصل کرنے کے بعد خاتون کی لاش  کو ضابطے کی کارروائی کے لیے عباسی شہید اسپتال منتقل کیا۔ اس حوالے سے ایس ایچ او ہدایت حسین نے بتایا کہ اسپتال میں متوفیہ کی شناخت 62 سالہ افسری بیگم زوجہ امام الدین کے نام سے کی گئی جس وقت آگ لگنے کا واقعہ پیش آیا خاتون گھر میں اکیلی تھی۔ انہوں نے بتایا کہ متوفیہ کے 2 بیٹے ہیں ایک بیٹا نیو کراچی میں رہتا ہے جبکہ دوسرا بیٹا والدہ کے ہمراہ رہائش پذیر ہے جو کہ پلاسٹک کا کام کرتا ہے۔ علاقہ مکینوں نے پولیس کو بتایا کہ اچانک خاتون کے گھر کے ایک کمرے دھواں باہر آیا تو آگ لگنے کا پتہ چلا اور فوری طور پر لوگوں نے اپنی مدد آپ کے تحت آگ بجھائی اور خاتون کو پلنگ سے شدید جھلسی ہوئی حالت میں کمرے سے باہر نکالا لیکن وہ جانبر نہیں ہوسکی۔ انھوں نے بتایا کہ آگ لگنے کے دوران متوفیہ پلنگ پر تھی جبکہ آتشزدگی میں کمرے کو بھی نقصان پہنچا۔ ایس ایچ او کے مطابق ابتدائی طور پر واقعے میں کچھ پراسراریت معلوم ہوتی ہے اور پولیس آگ لگنے کی وجہ کا تعین کر رہی ہے جبکہ کرائم سین یونٹ نے جائے وقوعہ سے شواہد حاصل کیے ہیں جس کی روشنی میں مزید تفتیش کا عمل جاری ہے۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل