Monday, June 22, 2026
 

خلا میں ہچکولے کھاتا مونگ پھلی نما سیارچہ

 



سائنس دانوں نے نظامِ شمسی میں ایک انتہائی دلچسپ اور غیرمعمولی سیارچے کی موجودگی کا انکشاف کیا ہے جو مونگ پھلی نما ہے اور خلا میں سفر کرتے ہوئے ہچکولے کھاتا نظر آتا ہے۔ محققین نے ڈونلڈ جوہانسن نامی سیارچے کا مطالعہ کیا اور دریافت کیا کہ یہ صرف ایک محور پر گردش نہیں کرتا بلکہ دو مختلف محوروں کے گرد گھومتا ہے، جس کے باعث اس کی حرکت ایک ہچکولے کھاتی ہوئی مونگ پھلی جیسی محسوس ہوتی ہے۔ یہ حیران کن مشاہدہ ناسا کے لوسی اسپیس کرافٹ کے ذریعے ممکن ہوا جس نے 20 اپریل 2025 کو اس سیارچے کے قریب سے پرواز کی تھی۔ لوسی مشن کا بنیادی مقصد مشتری کے ٹروجن سیارچوں کا مطالعہ ہے جبکہ ڈونلڈ جوہانسن کے قریب سے گزرنا دراصل مشن کی صلاحیتوں کو جانچنے کے لیے ایک اہم مرحلہ تھا۔ تحقیق کے مطابق زمین سے کی جانے والی دوربینوں کی مشاہداتی معلومات پہلے ہی اشارہ دے چکی تھیں کہ یہ سیارچہ غیرمعمولی طور پر لمبا ہے۔ تاہم، لوسی کی جانب سے بھیجی گئی تصاویر نے اس کی اصل ساخت کو واضح کر دیا۔ سائنس دانوں کا کہنا ہے کہ تقریباً نصف میل قطر رکھنے والا یہ چھوٹا سیارچہ شکل میں مونگ پھلی سے مشابہت رکھتا ہے۔ اس کے دو بڑے حصے ایک نسبتاً تنگ ’گردن‘ کے ذریعے آپس میں جڑے ہوئے ہیں، جس کی وجہ سے اسے دو لوبز والا سیارچہ قرار دیا جا رہا ہے۔ لوسی مشن کے نائب سربراہ اور تحقیق کے مرکزی مصنف سیمون مارکی کے مطابق یہ دریافت ان کئی حیران کن حقائق میں سے صرف ایک ہے جو اس تاریخی فلائی بائی کے بعد سامنے آئے ہیں۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ اس منفرد گردش اور غیرمعمولی ساخت کا مطالعہ نظامِ شمسی کے ابتدائی دور اور سیارچوں کی تشکیل کے راز سمجھنے میں اہم کردار ادا کر سکتا ہے۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل