Wednesday, June 24, 2026
 

امیر قطر کا اسلام آباد مفاہمتی یادداشت، کامیاب سفارتی کوششوں پر پاکستان کو مبارکباد

 



قطر کے امیر تمیم بن حمد آل ثانی نے امریکا اور ایران کے درمیان جنگ بندی کے لیے اسلام آباد مفاہمتی یاداشت اور امن کے لیے کامیاب سفارتی کوششوں پر پاکستان کے کردار کو سراہتے ہوئے مبارک باد دی۔ وزیراعظم آفس کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف کو قطر کے امیر تمیم بن حمد آل ثانی کا ٹیلیفون موصول ہوا اور دونوں رہنماؤں کے درمیان نہایت خوش گوار اور دوستانہ گفتگو ہوئی۔ اعلامیے میں کہا گیا کہ امیر قطر نے وزیراعظم کو پاکستان کی کامیاب سفارتی کوششوں پر مبارک باد دی، جن کے نتیجے میں امریکا اور ایران کے درمیان تاریخی اسلام آباد مفاہمتی یادداشت پر دستخط ہوئے۔ انہوں نے وزیراعظم کی قیادت کو سراہا اور پاکستان کی امن کی کوششوں کے لیے قطر کی مکمل حمایت کا اظہار کیا۔ وزیراعظم نے امیر قطر کا امن کی کوششوں میں مسلسل اور بھرپور تعاون پر شکریہ ادا کیا اور کہا کہ یہ کامیابی فیلڈ مارشل عاصم منیر کی انتھک کوششوں اور قطر سمیت برادر ممالک کے اہم کردار کی بدولت ممکن ہوئی ہے۔ دونوں رہنماؤں نے سوئٹزرلینڈ کے علاقے برگن اسٹاک میں ہونے والے تکنیکی سطح کے مذاکرات کے پہلے دور پر اطمینان کا اظہار کیا اور اس بات پر زور دیا کہ مثبت پیش رفت کا سلسلہ جاری رہنا چاہیے تاکہ مذاکرات کامیاب ہو سکیں، اس سلسلے میں دونوں رہنماؤں نے اتفاق کیا کہ مذاکراتی عمل کو نقصان پہنچانے کی کوششوں سے محفوظ رکھنا ضروری ہے۔ امیر قطر نے راس لفان انڈسٹریل سٹی کی برزان گیس تنصیب میں آتشزدگی کے افسوس ناک واقعے میں ایک پاکستانی شہری کے جاں بحق ہونے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار بھی کیا۔ وزیراعظم نے ان کی ہمدردی پر شکریہ ادا کیا اور قطر کی قیادت کی تعریف کی کہ وہ قطر میں مقیم پاکستانی برادری، جس کی تعداد اب تین لاکھ سے زائد ہے، کی فراخ دلی سے میزبانی کر رہی ہے۔ وزیراعظم شہباز شریف نے رواں سال دوحہ کے اپنے دورے کا ذکر کرتے ہوئے امیر قطر کو پاکستان کے دورے کی ایک بار پھر دعوت دی، جس پر امیر قطر نے رواں سال کے آخر میں پاکستان کا دورہ کرنے کی خواہش ظاہر کی تاکہ دوطرفہ تعاون اور خطے کی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا جا سکے۔ دونوں رہنماؤں نے آئندہ دنوں میں دونوں ممالک کے درمیان قریبی رابطے اور مشاورت جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل