Loading
لاہور کے علاقے گلشن اقبال میں معمر خاتون کی دیکھ بھال پر مامور 13 سالہ گھریلو ملازمہ کے لاپتا ہونے کے واقعے پر پولیس کی جانب سے لڑکی تلاش جاری ہے اور لڑکی کے گھر سے نکلنے کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی سامنے آگئی ہے۔
ترجمان ڈی آئی جی آپریشنز کے مطابق گلشن اقبال میں کم عمر گھریلو ملازمہ اپنی پھوپھی کے ہمراہ ایک معمر خاتون کی دیکھ بھال پر مامور تھی اور 18جون 2026 کو سی سی ٹی وی فوٹیج میں لڑکی کو گھر سے نکلتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ فوٹیج کے مطابق لڑکی گھر سے نکلتے وقت اپنا سامان بھی ساتھ لے جا رہی تھی جبکہ لاپتا لڑکی کی تلاش کے لیے اسپتالوں، چائلڈ پروٹیکشن بیورو اور تحفظ مراکز کو آگاہ کر دیا گیا ہے۔
ترجمان پولیس نے بتایا کہ وحدت روڈ اور ملحقہ علاقوں کے سی سی ٹی وی کیمروں کی مدد سے نقل و حرکت کا سراغ لگایا جا رہا ہے اور والد کی مدعیت میں مقدمہ درج کرکے مختلف پہلوؤں سے تحقیقات اور تلاش کا عمل جاری ہے۔
ڈی آئی جی آپریشنز کے ترجمان نے بتایا کہ پولیس کو لڑکی کی جلد بازیابی کی امید ہے اور اس کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں، شہری لاپتا لڑکی سے متعلق معلومات کی صورت میں فوری طور پر پولیس سے رابطہ کریں۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل