Monday, June 29, 2026
 

کراچی؛ پولیس سب انسپکٹر کی ٹارگٹ کلنگ کا منصوبہ ساز انتہائی مطلوب مجرم گرفتار

 



پولیس نے سب انسپکٹر کی ٹارگٹ کلنگ کا منصوبہ بنانے والے انتہائی مطلوب مجرم  کو گرفتار کرلیا۔ ترجمان کیماڑی پولیس کے مطابق تھانہ سائیٹ اے کی حدود میں حیدر چالی پٹھان کالونی کے علاقے میں ٹارگٹڈ کارروائی کرتے ہوئے پولیس سب انسپکٹر کی ٹارگٹ کلنگ کی منصوبہ بندی کرنے والے انتہائی مطلوب ریکارڈ یافتہ ملزم فیصل عرف منیجر کو گرفتار کر لیا، جبکہ کارروائی کے دوران اس کا ساتھی سجاد موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔ پولیس نے گرفتار ملزم کے قبضے سے ایک غیر قانونی پستول اور ایمونیشن بھی برآمد کر لیا۔ پولیس کے مطابق حساس ادارے کی جانب سے موصول ہونے والی اطلاع میں بتایا گیا تھا کہ ملزم فیصل عرف منیجر تھانہ سائیٹ اے میں تعینات سب انسپکٹر نعیم شاہ کو نشانہ بنانے کی منصوبہ بندی کر رہا ہے۔ پولیس کے مطابق ملزم کا بھتیجا کاشف اور اس کا ساتھی ذیشان 9 اگست 2025 کو سائیٹ ایریا ولیکا روڈ پر پولیس مقابلے میں مارے گئے تھے، جس کا بدلہ لینے کے لیے ملزم سب انسپکٹر نعیم شاہ کو ٹارگٹ کرنا چاہتا تھا۔ پولیس کے مطابق دورانِ تفتیش ملزم نے انکشاف کیا کہ 2 روز قبل اس نے اپنے ایک ساتھی کے ہمراہ ولیکا روڈ پر 2 افراد کو لوٹا اور مزاحمت پر فائرنگ کرتے ہوئے فرار ہوگیا تھا۔ اس واقعے کا مقدمہ نمبر 263/26 بجرم دفعات 394، 511 اور 34 تھانہ سائیٹ اے میں درج ہے۔ ترجمان کے مطابق گرفتار ملزم ایک پیشہ ور اور عادی جرائم پیشہ شخص ہے، جس کے خلاف پولیس مقابلہ، ڈکیتی، اسلحہ اور دیگر سنگین جرائم کے تحت مختلف تھانوں میں مجموعی طور پر 14 مقدمات درج ہیں۔ ان مقدمات میں تھانہ سرسید، گلبرگ، سائیٹ اے، اورنگی ٹاؤن، مدینہ کالونی اور اتحاد ٹاؤن سمیت مختلف تھانوں میں درج ڈکیتی، اسلحہ، پولیس مقابلے اور دیگر سنگین نوعیت کے مقدمات شامل ہیں۔ کیماڑی پولیس کے مطابق کارروائی ایس ڈی پی او سائیٹ کی نگرانی میں ایس ایچ او تھانہ سائیٹ اے نے چوکی انچارج میٹروول اور پولیس ٹیم کے ہمراہ انجام دی۔ گرفتار ملزم کے خلاف سندھ آرمز ایکٹ کے تحت مقدمہ نمبر 269/26 درج کر کے مزید تفتیش کا آغاز کر دیا گیا ہے۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل