Loading
وائٹ ہاؤس نے تصدیق کی کہ امریکی صدر کے خصوصی ایلچی اسٹیو وِٹکوف اور سابق سینئیر مشیر جیرڈ کشنر قطر کے دارالحکومت دوحہ میں ایرانی حکام کے ساتھ اعلیٰ سطح کے مذاکرات میں شرکت کریں گے۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق یہ بات وائٹ ہاؤس کی ترجمان کیرولین لیویٹ نے فاکس نیوز کو انٹرویو میں بتائی۔ انھوں نے بتایا کہ امریکی وفد دوحا روانہ ہو گا۔
انھوں نے مزید بتایا کہ مفاہمتی یادداشت پر جاری بات چیت کے سلسلے میں اعلیٰ سطح کے اجلاسوں میں شرکت کریں گے۔ ان اعلیٰ سطح کے مذاکرات کے ساتھ ساتھ تکنیکی سطح کے مذاکرات بھی ہوں گے جن میں مختلف امور پر پیش رفت کا جائزہ لیا جائے گا۔
یاد رہے کہ اس سے قبل صدر ڈونلڈ ٹرمپ بھی سوشل میڈیا پر اعلان کرچکے ہیں کہ ایران نے ملاقات کی درخواست کی اور دونوں ممالک کے درمیان مذاکرات منگل کو دوحا میں ہوں گے۔
تاہم ایران کے نائب وزیر خارجہ کاظم غریب آبادی نے امریکی دعوے کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ قطر میں امریکی حکام کے ساتھ کسی بھی ملاقات کا کوئی منصوبہ نہیں ہے۔
امریکا اور ایران کے متضاد بیانات کے باعث دوحہ میں ممکنہ مذاکرات کے انعقاد سے متعلق صورتحال غیر یقینی کا شکار ہے، جبکہ دونوں ممالک کی جانب سے آئندہ چند گھنٹوں میں مزید وضاحت سامنے آنے کا امکان ہے۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل