Loading
پاکستان وائٹ بال کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ مائیک ہیسن نے ایشین گیمز 2026 کے لیے نوجوان کھلاڑیوں پر مشتمل اسکواڈ منتخب کرنے کی وجہ بیان کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس فیصلے کا مقصد آئندہ ورلڈ کپ سے قبل باصلاحیت کھلاڑیوں کا دائرہ وسیع کرنا ہے۔
نجی ٹی وی کو انٹرویو دیتے ہوئے مائیک ہیسن نے کہا کہ پاکستان آئندہ چھ ماہ کے دوران نوجوان کرکٹرز کا تفصیلی جائزہ لینا چاہتا ہے تاکہ ورلڈ کپ کے لیے بہترین اور متوازن ٹیم کا انتخاب کیا جا سکے۔
انہوں نے کہا کہ ہم اپنے کھلاڑیوں کا پول بڑھانا چاہتے ہیں اور نوجوان ٹیلنٹ کو آزمانا چاہتے ہیں تاکہ ورلڈ کپ کے لیے درست فیصلے کیے جا سکیں۔
ہیڈ کوچ کا کہنا تھا کہ پاکستان کی ون ڈے ٹیم مسلسل بہتری کی جانب گامزن ہے جبکہ ایشین گیمز نوجوان کھلاڑیوں کو بین الاقوامی سطح پر خود کو منوانے کا بہترین موقع فراہم کریں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ منتخب اسکواڈ متوازن ہے اور اس میں ایسے کھلاڑی شامل کیے گئے ہیں جو مختصر طرز کی کرکٹ کے لیے زیادہ موزوں ہیں۔
مائیک ہیسن نے کہا کہ ایشین گیمز صرف بھارت کے خلاف مقابلے تک محدود نہیں بلکہ افغانستان، سری لنکا اور بنگلا دیش بھی مضبوط حریف ہیں۔
انہوں نے کہاکہ ہم صرف ایک ٹیم کو سامنے رکھ کر تیاری نہیں کر سکتے، کئی ٹیمیں خطرناک ثابت ہو سکتی ہیں، اسی لیے ہم نے ایک متوازن اسکواڈ منتخب کیا ہے۔
ایشین گیمز 2026 کے لیے پاکستان کے اسکواڈ میں صاحبزادہ فرحان کو کپتان اور عبدالصمد کو نائب کپتان مقرر کیا گیا ہے جبکہ دیگر نوجوان کھلاڑیوں میں ابرار احمد، احمد دانیال، عاکف جاوید، علی رضا، عرفات منہاس، حیدر علی، حسن نواز، معاذ صداقت، محمد سلمان مرزا، سعد مسعود، صائم ایوب، سفیان مقیم اور عثمان خان شامل ہیں۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل