Saturday, July 04, 2026
 

کراچی میں ہیوی ٹریفک کے خونی حادثات، بس اور واٹر ٹینکر ڈرائیورز کی غفلت سے کمسن بچی سمیت 3 جاں بحق

 



کراچی کے علاقے قائد آباد گل احمد چورنگی کے قریب مسافر کوچ ڈرائیور سے بے قابو ہو کر الٹ گئی جس کے نتیجے میں 2 افراد جاں بحق جبکہ خاتون مسافر زخمی ہوگئی جبکہ کیماڑی میں واٹر ٹینکر کی ٹکر سے کمسن بچی جاں بحق ہوگئی۔ تفصیلات کے مطابق قائد آباد کے علاقے لانڈھی گل احمد چورنگی کے قریب مسافر کوچ الٹ گئی ، حادثے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور ریسکیو رضا کار موقع پر پہنچے اور زخمیوں کو اسپتال منتقل کیا تاہم دو افراد راستے میں دم توڑ گئے۔ اس حوالے سے ہیڈ محرر تھانہ قائد آباد علی نواز نے بتایا کہ الیاس کوچ ڈرائیور سے بے قابو ہو کر فٹ پاتھ سے ٹکرا کر الٹ گئی جس کے نتیجے میں ایک شخص اس کے نیچے دب کر جاں بحق ہوا جس کی شناخت نذیر کے نام سے کی گئی جبکہ جاں بحق ہونے والا دوسرا شخص کوچ کا مسافر تھا۔ انہوں نے بتایا کہ حادثے میں امیرین نامی خاتون زخمی ہوئی۔ انھوں نے بتایا کہ کوچ کا ڈرائیور موقع سے غائب ہیں جسے تلاش کیا جا رہا ہے۔ اس حوالے سے چھیپا حکام کا کہنا ہے کہ جاں بحق ہونے والے دوسرے شخص کو 45 سالہ سلیم کے نام سے شناخت کیا گیا ہے جبکہ زخمی خاتون کو طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔  مسافر کوچ الٹنے سے جائے وقوعہ پر ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی جبکہ شہریوں کی بھی بڑی تعداد موقع پر جمع ہوئی اور اپنی مدد آپ کے تحت امدادی کام شروع کیے۔ تھوڑی ہی دیر میں پولیس نے موقع پر پہنچ کر صورتحال پر قابو پاتے ہوئے الٹنے والی کوچ کو کرین کی مدد سے اٹھا کر تھانے منتقل کر دیا اس ضمن میں مزید تفتیش کا عمل جاری ہے۔ دریں اثنا جیکسن کے علاقے کیماڑی مسان چوک گلی نمبر 4 بلاک 5 میں ٹریفک حادثے میں کمسن بچی جاں بحق ہوگئی جس کی لاش ضابطے کی کارروائی کے لیے جناح اسپتال لیجائی گئی ۔ ایس ایچ او جیکسن عنایت اللہ مروت نے بتایا کہ متوفیہ کی شناخت ڈھائی سالہ نبیحہ دختر جہانزیب کے نام سے کی گئی جبکہ حادثہ گلی میں چھوٹا واٹر ٹینکر ریورس ہوتے ہوئے اس کی ٹکر سے پیش آیا جس کا ڈرائیور موقع سے فرار ہوگیا تاہم پولیس نے واٹر ٹینکر قبضے میں لیکر تھانے منتقل کر دیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ پولیس کو ڈرائیور کے حوالے سے معلومات حاصل ہوئی ہیں جس کی تلاش میں پولیس چھاپے مار رہی ہے۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل