Saturday, July 04, 2026
 

سوات، جنازے میں شرکت کے دوران قاتلانہ حملے میں پیپلزپارٹی کے مقامی صدر جاں بحق

 



خیبرپختونخوا کے مالاکنڈ ڈویژن کے علاقے سوات میں جنازے میں شرکت کے دوران قاتلانہ حملے میں پیپلزپارٹی کے مقامی صدر جاں بحق ہوگئے۔ ایکسپریس نیوز کے مطابق سوات کی تحصیل مٹہ کے علاقہ چپریال میں جنازے کے دوران فائرنگ سے پیپلز پارٹی کے سوات کے صدر سمیع اللہ جاں بحق جبکہ ایک شخص زخمی ہوا۔ جنازے میں موجود لوگوں نے اپنی مدد آپ کے تحت زخمی کو طبی امداد کیلئے مٹہ اسپتال منتقل کیا جبکہ واقعے کی اطلاع ملتے ہی مقتول کے بھائی اور قریبی ساتھی بے ہوش ہوئے جنہیں اسپتال منتقل کیا گیا۔ پولیس کے مطابق جنازے میں شرکت کرنے والے پیپلزپارٹی سوات کے صدر پر گھات لگائے ملزمان نے فائرنگ کی۔ فائرنگ سے زخمی ہونے والے شخص کو فوری طور پر سیدو شریف اسپتال منتقل کیا گیا جہاں اسے طبی امداد دی جا رہی ہے۔ دوسری جانب، واقعے کی اطلاع ملتے ہی مقتول سمیع اللہ کے بڑے بھائی اور ان کے دیرینہ ساتھی نجیب اللہ صدمے سے بے ہوش ہو گئے، جنہیں فوری طور پر مٹہ اسپتال پہنچایا گیا، ڈاکٹروں کے مطابق اب دونوں کی حالت خطرے سے باہر ہے۔ واقعے کی ذمہ داری تاحال کسی نے قبول نہیں کی۔ دعویداری سامنے نہیں آئی ہے۔ پولیس نے رپورٹ درج کرکے ملزمان کی تلاش شروع کردی۔ دوسری جانب پاکستان پیپلزپارٹی کی مرکزی ترجمان شازیہ مری نے صدر پیپلز پارٹی سوات سمیع اللہ کے قتل پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے واقعے کی شدید مذمت کی۔ انہوں نے کہا کہ سمیع اللہ شہید کی قربانی پارٹی کے لیے ناقابلِ تلافی نقصان ہے، قاتلوں کو فوری گرفتار کر کے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے۔  شازیہ مری نے مقتول کے اہلِ خانہ سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا اور مرحوم کے درجات کی بلندی اور لواحقین کے لیے صبرِ جمیل کی دعا کی۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل