Saturday, July 04, 2026
 

خامنہ ای کیلیے روتا دیکھ کر حیران ہوں، سمجھتا تھا ایرانی ان سے نفرت کرتے ہیں؛ ٹرمپ

 



امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ آیت اللہ علی خامنہ ای کی تجہیز و تکفین میں ایرانی عوام کو روتا دیکھ کر میں حیران رہ گیا ہوں۔ امریکی ویب سائٹ ایکسیوس کے صحافی باراک راوِد کو دیے گئے ٹیلی فونک انٹرویو میں صدر ٹرمپ کا ایک متنازع بیان میں کہا کہ اگر وہ چاہتے تو جنازے میں موجود تمام افراد کو نشانہ بناسکتے تھے۔ امریکی صدر نے کہا کہ جنازے میں ایران کی اعلیٰ قیادت اور اہم شخصیات ایک ہی مقام پر موجود ہیں۔ اس لیے اگر امریکا چاہے تو وہاں موجود سب کو ختم کر سکتا ہے تاہم ایسا نہیں کیا جائے گا کیونکہ پھر مذاکرات کے لیے کوئی باقی نہیں رہے گا۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اس بات پر شدید حیرانی کا اظہار کیا کہ ایران کے عوام آیت اللہ علی خامنہ ای کی آخری رسومات میں نہایت جذباتی اور آبدیدہ نظر آرہے ہیں۔ صدر ٹرمپ کے بقول وہ سمجھتے تھے کہ لوگ علی خامنہ ای سے نفرت کرتے ہیں لیکن انھیں روتے دیکھ کر میں حیران رہ گیا۔ شاید یہ آنسو حقیقی ہوں اور شاید نہ ہوں۔ انھوں نے دعویٰ کیا کہ امریکا اور ایران نے خامنہ ای کی تدفین اور سوگ کی تقریبات مکمل ہونے تک مذاکرات عارضی طور پر روکنے کا فیصلہ کیا ہے۔ صدر ٹرمپ نے یہ دعویٰ بھی کیا کہ ایران اس وقت امریکا کے ساتھ معاہدہ کرنے کے لیے مرا جا رہا ہے۔ خامنہ ای کی آخری رسومات کے اختتام کے بعد دونوں ممالک کے درمیان مذاکرات دوبارہ شروع ہونے کی توقع ہے۔ واضح رہے کہ 28 فروری کو اسرائیلی اور امریکی حملے میں شہید ہونے والے آیت اللہ خامنہ ای کی تجہیز و تکفین کا آغاز ہوگیا ہے۔ میت کو تہران، قم ، کربلا اور نجف کے بعد 9 جولائی کو مشہد لاکر سپردخاک کیا جائے گا۔  

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل