Loading
عالمی تجارت اس وقت ایک ایسے دور سے گزر رہی ہے جہاں معاشی مفادات، قومی سلامتی اور جغرافیائی سیاست ایک دوسرے سے گہرا تعلق اختیار کر چکے ہیں۔ دنیا کی بڑی معیشتیں اب صرف درآمدات اور برآمدات تک محدود نہیں رہیں بلکہ تجارتی فیصلوں کو خارجہ پالیسی، قومی مفادات اور داخلی سیاسی ترجیحات سے بھی جوڑا جا رہا ہے۔ امریکا گزشتہ چند برسوں سے اپنی تجارتی پالیسی کو مزید سخت اور تحفظ پسند بنانے کی کوشش کر رہا ہے، جس کے اثرات نہ صرف اس کے تجارتی شراکت داروں بلکہ پوری عالمی معیشت پر مرتب ہو رہے ہیں۔
اسی سلسلے میں بارہ مارچ 2026 کو امریکا کے تجارتی نمائندے کے دفتر نے ساٹھ ممالک کی تجارتی پالیسیوں اور طریقہ کار کے خلاف ایک وسیع تحقیق کا آغاز کیا۔ ان ممالک میں پاکستان، چین، یورپی اتحاد، بھارت اور دیگر اہم تجارتی شراکت دار شامل تھے۔ تحقیق کا بنیادی موقف یہ تھا کہ یہ ممالک جبری مشقت (جن میں مزدروں کا استحصال)ہوتا ہے، تیار ہونے والی اشیاء کی درآمد پر موثر پابندیاں عائد کرنے اور ان پر سختی سے عمل درآمد کرانے میں ناکام رہے ہیں۔دو جون 2026 کو امریکی حکام نے اپنی ابتدائی رائے میں کہا کہ ان ممالک کی پالیسیاں غیر مناسب ہیں اور امریکی تجارت کے لیے رکاوٹ بنتی ہیں۔ اسی بنیاد پر ان ممالک سے درآمد ہونے والی بعض اشیاء پر دس یا بارہ اعشاریہ پانچ فیصد اضافی محصول عائد کرنے کی تجویز پیش کی گئی۔
پاکستان ان چھ ممالک میں شامل ہے جن کے بارے میں یہ مو قف اختیار کیا گیا کہ اگرچہ اس نے جبری مشقت سے متعلق قوانین اور پابندیاں نافذ کر رکھی ہیں، لیکن ان پر موثر انداز میں عمل درآمد نہیں ہو رہا۔ اسی بنیاد پر پاکستان کی بعض برآمدات پر دس فیصد اضافی محصول تجویز کیا گیا، تاہم چند مصنوعات کو اس سے مستثنیٰ رکھنے کی سفارش بھی سامنے آئی۔اس اقدام کو سابقہ قانونی رکاوٹوں کے بعد امریکی حکومت کی جانب سے اپنی محصولاتی پالیسی کو مزید سخت بنانے کی کوشش قرار دیا جا رہا ہے، جسے مزدوروں کے حقوق کے نام پر تحفظ پسند تجارتی حکمت عملی کی نئی شکل بھی کہا جا رہا ہے۔
یہ پیش رفت ایسے وقت میں سامنے آئی جب پاکستان اور امریکا کے درمیان تجارتی مذاکرات، توانائی اور دیگر شعبوں میں تعاون جاری تھا۔ اس دوران پاکستان نے خطے میں امن و استحکام کے فروغ اور کشیدگی میں کمی کے لیے بھی مثبت سفارتی کردار ادا کیا ہے جو کہ امریکا اور ایران کے درمیاں کشیدگی کو ختم کرنے پر محیط ہے،جس پر امریکا سمیت پوری دنیا پاکستان کی مداح ہے۔اس کامیاب پیش رفت کے سبب دونوں ممالک کے تعلقات مزید مضبوطی کی جانب گامزن ہیں، تاہم مجوزہ اضافی محصولات باعث تشویش ہیں۔پاکستان کے لیے اس پالیسی کے ممکنہ معاشی اثرات نہایت اہم ہیں۔ امریکا، پاکستان کی برآمدات کی بڑی منڈیوں میں شامل ہے، جس میں سب سے زیادہ برآمدات ٹیکسٹائل، ملبوسات، گھریلو استعمال کے کپڑوں، چمڑے کی مصنوعات اور کھیلوں کے سامان کی ہوتی ہیں۔
اگر اضافی محصولات نافذ ہو جاتے ہیں تو پاکستانی مصنوعات امریکی منڈی میں مہنگی ہو جائیں گی، جس سے برآمدات میں کمی آ سکتی ہے اور روزگار کے ہزاروں مواقعے خطرے میں پڑ سکتے ہیں۔ اس کے ساتھ ساتھ زرِ مبادلہ کی آمد میں کمی، صنعتی پیداوار میں سست روی، چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار پر دباؤ اور مجموعی معاشی صورتحال مزید مشکلات کا شکار ہو سکتی ہے۔ ایسے حالات میں ملکی معیشت پر اضافی بوجھ پڑنے کا خدشہ ہے، خصوصاً اس وقت جب پاکستان پہلے ہی معاشی استحکام کے لیے مختلف اصلاحاتی اقدامات کر رہا ہے، جو کہ موثر ہیں مگر امریکی اضافی محصولات ملک کی معاشی صورتحال کے لیے چیلنج ہے۔مثال کے طور پر اگر کوئی پاکستانی کمپنی امریکا کو 100 ڈالر کی مصنوعات بھیجتی ہے، تو نئی پالیسی کے مطابق اسے 10 ڈالر کا اضافی ٹیکس امریکا کو دینا پڑے گا، جس سے پاکستان پر معاشی بوجھ بڑھے گا۔
امریکا اور پاکستان کے تعلقات کے تناظر میں بھی یہ فیصلہ اہمیت رکھتا ہے۔ پاکستان نے مختلف علاقائی اور عالمی معاملات میں امریکا کے ساتھ تعاون کیا ہے، اس کے باوجود اسے انھی ممالک کی صف میں شامل کرنا جو امریکی تجارتی پالیسیوں کی زد میں ہیں، دوطرفہ اعتماد کے لیے نقصان دہ ثابت ہو سکتا ہے۔ اس سے مستقبل کے تجارتی مذاکرات متاثر ہونے، پاکستان کے متبادل تجارتی شراکت داروں کی طرف رجحان بڑھنے اور دونوں ممالک کے اقتصادی تعلقات میں سرد مہری پیدا ہونے کا امکان موجود ہے۔وسیع تر تناظر میں دیکھا جائے تو امریکی محصولاتی پالیسی، عالمی تجارت میں غیر یقینی صورتحال کو مزید بڑھا رہی ہے۔ بار بار محصولات میں تبدیلی، نئے تجارتی اقدامات اور یکطرفہ فیصلے عالمی رسد کے نظام کو متاثر کرتے ہیں، کاروباری لاگت میں اضافہ کرتے ہیں، سرمایہ کاری کی رفتار کم کرتے ہیں اور دنیا بھر میں مہنگائی کے خدشات کو بڑھاتے ہیں۔
ناقدین کا کہنا ہے کہ مزدوروں کے حقوق جیسے اہم معاملے کو بعض اوقات سیاسی اور انتخابی مقاصد کے لیے بھی استعمال کیا جاتا ہے، جب کہ ترقی پذیر ممالک کو اس کا زیادہ نقصان برداشت کرنا پڑتا ہے۔ اس طرح کے اقدامات عالمی تجارتی نظام، بین الاقوامی اداروں اور آزاد تجارت کے بنیادی اصولوں کو بھی کمزور کرتے ہیں۔ان حالات میں پاکستان کے لیے ضروری ہے کہ وہ فوری طور پر امریکی حکام کے ساتھ جاری مشاورتی عمل میں موثر انداز میں اپنا موقف پیش کرے، اپنے قوانین پر بہتر عمل درآمد کے شواہد فراہم کرے اور اضافی محصولات سے استثنیٰ یا رعایت حاصل کرنے کی بھرپور کوشش کرے۔ اسی طرح سفارتی سطح پر پاکستان کو دیگر متاثرہ ممالک کے ساتھ مل کر مشترکہ حکمت عملی اختیار کرنی چاہیے۔
عالمی سطح پر منصفانہ تجارت کی حمایت کرنی چاہیے اور یکطرفہ تجارتی اقدامات کے بجائے باہمی مشاورت اور بین الاقوامی اصولوں کے مطابق مسائل کے حل پر زور دینا چاہیے۔امریکی مجوزہ اضافی محصولات پاکستان سمیت متعدد ترقی پذیر ممالک کے لیے ایک بڑا معاشی چیلنج بن سکتے ہیں، تاہم اگر پاکستان موثر سفارت کاری، دانشمندانہ معاشی اصلاحات، برآمدی منڈیوں میں تنوع اور عالمی معیار کے مطابق داخلی اصلاحات پر توجہ دے تو وہ نہ صرف اس چیلنج کا مقابلہ کر سکتا ہے بلکہ بدلتے ہوئے عالمی تجارتی ماحول میں اپنے اقتصادی مفادات کا بہتر تحفظ بھی یقینی بنا سکتا ہے۔
موجودہ حالات اس امر کے متقاضی ہیں کہ پاکستان وقتی ردعمل کے بجائے ایک جامع، طویل المدتی اور حقیقت پسندانہ تجارتی حکمت عملی اختیار کرے تاکہ قومی معیشت کو مضبوط بنیادوں پر استوار کیا جا سکے اور عالمی تجارت میں اپنا موثرکردار برقرار رکھا جا سکے۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل