Sunday, July 05, 2026
 

مختلف علاقوں میں شدید بارش، دریاؤں میں پانی کے بہاؤ میں اضافہ اور ندی نالوں میں سیلاب کا خدشہ

 



نیشنل ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے ملک کے مختلف علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارشوں کی پیش گوئی کرتے ہوئے کہا ہے کہ دریاؤں میں پانی کے بہاؤ میں اضافے کا امکان ہے اور حساس بالائی علاقوں اور پہاڑی ندی نالوں میں سیلاب کا خدشہ ہے۔ این ڈی ایم اے کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ نیشنل ایمرجنسیز آپریشن سینٹر (این ای اوسی) نے 6 سے 10 جولائی 2026 تک کے لیے موسمی صورت حال اور دریاؤں میں پانی کے بہاؤ کا جائزہ لیا گیا اور تمام ممکنہ خطرات کی پیشی تشخیص اور متعلقہ اداروں تک بر وقت معلومات کی فراہمی یقینی بنائی جا رہی ہے۔ بیان میں کہا گیا کہ موجودہ موسمی حالات این ای او سی کے جاری پیشی موسمی جائزے کے عین مطابق ہے، 6  جولائی سے شمالی پاکستان میں فعال موسمی نظام داخل ہونے کا امکان ہے، جس کے تحت کشمیر، بالائی خیبرپختونخوا، اسلام آباد، پوٹھوہار اور شمال مشرقی پنجاب میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ این ڈی ایم اے نے کہا کہ 7 سے 10 جولائی کے دوران دریائے سندھ، جہلم، چناب، راوی اور ستلج کے بالائی ملحقہ علاقوں میں وقفے وقفے سے بارش اور بعض مقامات پر موسلادھار بارش کا امکان ہے اور 7 جولائی کو اسلام آباد، پوٹھوہار، آزاد کشمیر، گلگت بلتستان، خیبرپختونخوا، شمالی پنجاب اور شمالی بلوچستان میں بارشوں کی شدت میں اضافہ متوقع ہے۔ ڈیموں کے حوالے سے بتایا گیا کہ متوقع بارشوں کے باعث تربیلا اور منگلا ڈیم میں پانی کی آمد میں معمولی اضافہ متوقع، 7 سے 10 جولائی کے دوران دریائے سندھ، جہلم، چناب، راوی اور ستلج میں پانی کے بہاؤ میں معمولی اضافے کا امکان ہے جبکہ موجودہ حالات کے مطابق بڑے پیمانے پر دریائی سیلاب کا کوئی خطرہ نہیں ہے۔ این ڈی ایم اے کے مطابق پہاڑی ندی نالوں اور چھوٹے برساتی نالوں میں اچانک پانی کے بہاؤ میں مقامی سطح پر اضافہ متوقع ہے، حساس بالائی علاقوں اور پہاڑی ندی نالوں میں مقامی سیلاب کا خدشہ ہے۔ مزید بتایا گیا کہ شدید بارش کے دوران شہری علاقوں میں سیلابی صورت حال اور نشیبی علاقے زیر آب آنے، خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ اور مٹی کے تودے گرنے کا خدشہ ہے۔ این ڈی ایم اے نے متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے اور شہریوں کو موسمی صورت حال، سفری ہدایات اور سرکاری الرٹس پر عمل کرنے کی ہدایت کی ہے اور کہا ہے کہ شہری تازہ ترین موسمی حالات، ممکنہ خطرات اور حفاظتی تدابیر کے لیے این ڈی ایم اے ڈیزاسٹر الرٹ موبائل ایپ سے راہنمائی لیں۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل