Tuesday, July 07, 2026
 

ممبئی میں شدید بارشوں نے تباہی مچا دی، عمارت گرنے سے 5 بچوں سمیت 6 افراد جاں بحق

 



بھارت کے مالیاتی مرکز ممبئی میں موسلادھار مون سون بارشوں کے باعث ایک خستہ حال رہائشی عمارت گرنے سے 5 بچوں سمیت 6 افراد جاں بحق ہوگئے، جبکہ شہر کے مختلف علاقوں میں سیلابی صورتحال پیدا ہونے کے بعد تعلیمی ادارے بند کر دیے گئے ہیں۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق یہ حادثہ اتوار کے روز مشرقی ممبئی میں پیش آیا، جہاں ایک پرانی رہائشی عمارت اچانک منہدم ہوگئی۔ عمارت کے ملبے تلے متعدد افراد دب گئے، جنہیں نکالنے کے لیے ریسکیو ٹیموں نے فوری امدادی کارروائیاں شروع کیں۔ ممبئی کی میئر ریتو تاوڑے نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ حادثے میں 6 افراد جان کی بازی ہار گئے، جن میں 5 بچے بھی شامل ہیں۔ دوسری جانب مسلسل ہونے والی شدید بارشوں نے پورے شہر کا نظامِ زندگی متاثر کر دیا ہے۔ بھارتی محکمہ موسمیات کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ممبئی میں 200 ملی میٹر سے زائد بارش ریکارڈ کی گئی، جس کے باعث سڑکیں زیرِ آب آ گئیں، ٹریفک شدید متاثر ہوئی اور متعدد نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہو گیا۔ محکمہ موسمیات نے شہر کے لیے ریڈ الرٹ جاری کرتے ہوئے مزید شدید بارشوں اور تیز ہواؤں کی پیش گوئی کی ہے۔ شہریوں کو غیر ضروری سفر سے گریز کرنے اور احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ شہری انتظامیہ نے پیر کے روز ممبئی کے تمام اسکولوں اور کالجوں میں تعطیل کا اعلان کر دیا ہے تاکہ طلبہ اور اساتذہ کو ممکنہ خطرات سے محفوظ رکھا جا سکے۔ میئر ریتو تاوڑے نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ حتیٰ الامکان گھروں میں رہیں کیونکہ تیز ہواؤں کے باعث درخت اور شاخیں گرنے کا خطرہ بھی موجود ہے۔ ماہرین کے مطابق بھارت میں مون سون بارشیں زراعت اور معیشت کے لیے نہایت اہم ہیں، تاہم موسمیاتی تبدیلیوں کے باعث بارشوں کا انداز غیر متوقع ہوتا جا رہا ہے، جس سے سیلاب، عمارتیں گرنے اور شہری انفراسٹرکچر کو شدید نقصان پہنچنے کے واقعات میں اضافہ ہو رہا ہے۔ رپورٹس کے مطابق حالیہ بارشیں ایسے وقت میں ہوئی ہیں جب گزشتہ چند ہفتوں کے دوران ممبئی شدید گرمی اور پانی کی قلت کا سامنا کر رہا تھا، جس کے باعث حکام نے پانی کے استعمال پر بھی مختلف پابندیاں عائد کی تھیں۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل