Loading
عمران خان کی بہن علیمہ خان نے کہا ہے کہ اڈیالہ جیل کے باہر احتجاج ختم نہیں ہوا بلکہ اب احتجاج کے نئے مرحلے کے طور پر اسٹریٹ موومنٹ شروع کی جا رہی ہے۔
عدالت پیشی کے موقع پر انہوں نے کہا کہ ان کا مقصد صرف بھائی سے ایک ملاقات نہیں بلکہ ان کے حقوق کی بحالی ہے۔ ان کے بقول، ان کا بھائی انسانی حقوق، جمہوریت اور انصاف پر پابندی کی علامت بن چکا ہے۔
علیمہ خان نے کہا کہ پہلے روز بار بار وارنٹ گرفتاری جاری کیے گئے، مگر اب ٹرائل سے بھاگا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج صبح انہیں عدالت بلایا گیا، لیکن آنے سے پہلے ہی 11 اگست کی تاریخ مقرر کر دی گئی، جو ان کے مطابق سمجھ سے بالاتر ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ تاریخیں اوپر سے آنے والے احکامات کے مطابق دی جاتی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پہلے وارنٹ، بینک اکاؤنٹس منجمد کرنے اور شناختی کارڈ بلاک کرنے کے لیے فوری سماعت کی جاتی تھی۔ اگر سزا دینی ہے تو دے دیں اور جیل بھیج دیں، لیکن اگر کیس میں کچھ نہیں تو بری کر دیں، وہ اس کیس کو تلوار کی طرح لٹکنے نہیں دیں گی۔
علیمہ خان نے الزام عائد کیا کہ بانی کی رہائی کے لیے عوام کو ٹرک کی بتی کے پیچھے لگایا گیا۔ انہوں نے کہا کہ جب تک ججز آزاد نہیں ہوں گے، میرٹ پر فیصلے نہیں ہوں گے۔ ان کے مطابق، وہ کہتے ہیں کہ کیس چلایا جائے، مگر اب مخالف فریق خود ٹرائل سے بھاگ رہا ہے، جبکہ انصاف کی راہ میں رکاوٹیں کھڑی کرنا بھی ایک مجرمانہ عمل ہے۔
انہوں نے پنجاب حکومت کو "فارم 47 کی جعلی حکومت" قرار دیتے ہوئے کہا کہ عوام کے خوف کے بت ٹوٹ چکے ہیں۔ ان کے مطابق، اڈیالہ جیل کے باہر احتجاج سے عوام کا خوف ختم ہوا ہے، جبکہ وہ اور ان کی دونوں بہنیں اڈیالہ جیل کے باہر موجود رہیں گی اور اسٹریٹ موومنٹ گلی گلی تک لے جائیں گی۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل