Tuesday, July 14, 2026
 

کراچی، لیاری میں کریکر حملے کا وزیر داخلہ سندھ نے نوٹس لے لیا، رپورٹ طلب

 



شہر قائد کے علاقے لیاری میں کریکر دھماکے کے واقعے پر وزیر داخلہ سندھ ضیاء الحسن لنجار نے فوری نوٹس لیتے ہوئے ایس ایس پی کیماڑی سے تفصیلی رپورٹ طلب کرلی۔ وزیر داخلہ سندھ نے واقعے کی تمام پہلوؤں سے جامع تحقیقات کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ حملے میں ملوث عناصر کو ہر صورت قانون کی گرفت میں لایا جائے اور ان کے خلاف بلاامتیاز سخت کارروائی عمل میں لائی جائے۔ ضیاء الحسن لنجار نے ہدایت کی کہ زخمی افراد کو فوری اور بہترین طبی سہولیات فراہم کی جائیں۔ انہوں نے کہا کہ شہریوں کے جان و مال کا تحفظ سندھ حکومت کی اولین ترجیح اور ریاستی ذمہ داری ہے۔ وزیر داخلہ سندھ نے قانون نافذ کرنے والے اداروں کو ہدایت کی کہ واقعے کے محرکات اور ذمہ داران کا تعین کرکے جلد از جلد رپورٹ پیش کی جائے تاکہ ملوث افراد کے خلاف کارروائی کی جا سکے۔ واضح رہے کہ لیاری پھول پتی لین میں زیر تعمیر عمارت پر کریکر حملے کے نتیجے میں 3 افراد زخمی ہوئے تھے، جنہیں طبی امداد کے لیے سول اسپتال منتقل کیا گیا۔ پولیس نے واقعے کی تحقیقات شروع کردی ہیں۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل