Sunday, July 19, 2026
 

اسرائیل مخالف ووٹ مہنگا پڑ گیا، طاقتور لابنگ گروپ نے امریکی ارکانِ کانگریس کی فنڈنگ روک دی

 



واشنگٹن: امریکا کے بااثر اسرائیل نواز لابنگ گروپ امریکن اسرائیل پبلک افیئرز کمیٹی نے اسرائیل کو امریکی فوجی امداد محدود یا روکنے کے حق میں ووٹ دینے والے متعدد ڈیموکریٹ ارکانِ کانگریس کی مالی معاونت بند کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ امریکی میڈیا رپورٹس کے مطابق اے آئی پیک نے اپنے آن لائن چندہ دینے والے پورٹل سے ان قانون سازوں کے نام اور انہیں مالی معاونت فراہم کرنے کا آپشن ہٹا دیا ہے، حالانکہ ماضی میں یہی گروپ ان ارکان کی انتخابی مہم کی حمایت کرتا رہا تھا۔ رپورٹس کے مطابق اس فیصلے سے ایوانِ نمائندگان کے کم از کم 15 ڈیموکریٹ ارکان متاثر ہوئے ہیں، جنہیں اے آئی پیک نے آئندہ نومبر میں ہونے والے انتخابات کے لیے پہلے حمایت اور توثیق بھی فراہم کی تھی۔ سیاسی مبصرین کے مطابق ان ارکان نے حالیہ دنوں میں اسرائیل کو امریکی فوجی امداد محدود کرنے یا روکنے سے متعلق قراردادوں کی حمایت کی تھی، جس کے بعد اے آئی پیک نے اپنی حکمت عملی تبدیل کی۔ امریکی ذرائع ابلاغ کے مطابق اس فیصلے کے نتیجے میں ایک درجن سے زائد قانون سازوں کو انتخابی مہم کے دوران مالی معاونت سے محروم ہونا پڑ سکتا ہے۔ اے آئی پیک امریکا کے طاقتور ترین اسرائیل نواز لابنگ گروپس میں شمار ہوتا ہے، جو امریکی انتخابات میں امیدواروں کی مالی مدد، سیاسی حمایت اور اسرائیل کے حق میں امریکی پالیسیوں کے فروغ میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔ تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ اس اقدام سے امریکی سیاست میں اسرائیل اور غزہ جنگ سے متعلق جاری بحث مزید شدت اختیار کر سکتی ہے، جبکہ آئندہ انتخابات میں بھی اس کے اثرات نمایاں طور پر دیکھے جا سکتے ہیں۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل