Loading
ساہیوال کے یوسف والا اور سکھر ڈویژن میں مال بردار ٹرینوں کے پٹڑی سے اترنے (ڈی ریلمنٹ) کے باعث پاکستان ریلوے بروقت مین لائن کلیئر نہ کر سکا، جس کے نتیجے میں آٹھ مسافر ٹرینیں منسوخ کر دی گئیں اور مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
پاکستان ریلوے کے مطابق ہفتہ اور اتوار کو مختلف مقامات پر مال بردار ٹرینوں کی بوگیاں پٹڑی سے اترنے کے باعث لاہور، فیصل آباد سے کراچی اور کوئٹہ جانے والی مین لائن پر ریلوے ٹریفک معطل رہی۔
اس صورتحال کے پیش نظر قراقرم ایکسپریس (42 ڈاؤن)، پاک بزنس ایکسپریس (34 ڈاؤن)، کراچی ایکسپریس (16 ڈاؤن)، ملت ایکسپریس (18 ڈاؤن) سمیت مجموعی طور پر آٹھ ٹرینوں کی روانگی منسوخ کر دی گئی۔
ریلوے حکام نے بتایا کہ مارگلہ سے کراچی جانے والی گرین لائن ایکسپریس (6 ڈاؤن) کی لاہور سے اکانومی کلاس کوچ نمبر 3 اور 4، اے سی اسٹینڈرڈ کوچ نمبر 5، 6، 7 اور 8، جبکہ اے سی بزنس کلاس کوچ نمبر 9، 10 اور 11 بھی روانہ نہیں ہوں گی۔
پاکستان ریلوے نے متاثرہ مسافروں سے معذرت کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ لاہور ریزرویشن آفس سے اپنی ٹکٹوں کی مکمل رقم واپس حاصل کر سکتے ہیں۔ ڈویژنل سپرنٹنڈنٹ ریلوے لاہور انعام اللہ کی ہدایت پر مسافروں کی رہنمائی اور سہولت کے لیے پیسنجر فیسیلیٹیشن عملہ تمام متعلقہ اسٹیشنوں پر موجود رہے گا، جبکہ مزید معلومات کے لیے ریلوے انکوائری نمبر 117 پر رابطہ کیا جا سکتا ہے۔
بعد ازاں ریلوے حکام نے بتایا کہ بحالی کا کام مکمل ہونے کے بعد اپ اور ڈاؤن دونوں ٹریک ٹرینوں کی آمد و رفت کے لیے کلیئر کر دیے گئے ہیں۔
یاد رہے کہ گزشتہ شام مال بردار ٹرین کے پٹڑی سے اترنے کے باعث دونوں اطراف کی ریلوے ٹریفک معطل ہوگئی تھی۔ پاکستان ریلوے نے مسافروں کو پیش آنے والی مشکلات پر افسوس اور معذرت کا اظہار بھی کیا۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل