Tuesday, July 21, 2026
 

روزانہ ورزش ممکن نہیں؟ دل کو صحت مند رکھنے کا آسان نسخہ جانیے

 



ایک نئی طبی تحقیق سے معلوم ہوا ہے کہ اگر کوئی شخص مصروفیات کی وجہ سے روزانہ ورزش نہیں کر سکتا تو صرف ہفتے کے ایک یا دو دن بھرپور جسمانی سرگرمی بھی اس کی صحت کے لیے نمایاں فوائد فراہم کر سکتی ہے۔ محققین کے مطابق ویک اینڈ پر ورزش کرنے والے افراد میں بھی دل کی بیماریوں اور فالج کے خطرات میں واضح کمی دیکھی گئی ہے۔ تحقیق میں بتایا گیا کہ ایسے افراد جو پورے ہفتے ورزش کا وقت نہیں نکال پاتے، وہ اگر ہفتے کے آخر میں تجویز کردہ دورانیے کے مطابق ورزش کریں تو ان کی قلبی صحت پر بھی مثبت اثرات مرتب ہوتے ہیں، جو باقاعدگی سے پورے ہفتے ورزش کرنے والوں کے نتائج سے کافی حد تک مشابہ ہیں۔ ویک اینڈ پر ورزش بھی مؤثر بوسٹن کے ایک اسپتال سے وابستہ ماہر امراض قلب ڈاکٹر پیٹرک ایلنور کا کہنا ہے کہ تحقیق کے نتائج اس بات کی نشاندہی کرتے ہیں کہ ہفتے میں صرف ایک یا دو دن ورزش کرنا بھی دل کو صحت مند رکھنے کے لیے انتہائی فائدہ مند ثابت ہو سکتا ہے، بشرطیکہ مجموعی جسمانی سرگرمی مطلوبہ حد تک ہو۔ ماہرین صحت بالغ افراد کو مشورہ دیتے ہیں کہ وہ ہر ہفتے کم از کم 150 منٹ معتدل شدت کی یا 75 منٹ نسبتاً سخت نوعیت کی ورزش ضرور کریں تاکہ دل اور جسم کو صحت مند رکھا جا سکے۔ 90 ہزار افراد کے طبی ریکارڈ کا تجزیہ اس تحقیق کے دوران محققین نے برطانیہ کے بائیو بینک منصوبے میں شامل تقریباً 90 ہزار افراد کے طبی ریکارڈ کا جائزہ لیا۔ نتائج سے معلوم ہوا کہ تقریباً ایک تہائی افراد ہفتے بھر میں 150 منٹ کی تجویز کردہ ورزش بھی نہیں کر رہے تھے، جبکہ 42 فیصد افراد ویک اینڈ پر کم از کم 150 منٹ کی جسمانی سرگرمی مکمل کر لیتے تھے۔ دل کے دورے اور ہارٹ فیلیئر کے خطرات میں نمایاں کمی ماہر امراض قلب ڈاکٹر شان خورشید اور ان کی ٹیم نے تحقیق کے دوران پایا کہ ہفتے کے آخر میں ورزش کرنے والے افراد میں دل کے دورے کا خطرہ 27 فیصد تک کم تھا، جبکہ وہ لوگ جو ہفتے بھر باقاعدگی سے ورزش کرتے تھے، ان میں یہ خطرہ 35 فیصد کم دیکھا گیا۔ اسی طرح ہارٹ فیلیئر کے حوالے سے بھی دونوں گروہوں میں حوصلہ افزا نتائج سامنے آئے۔ تحقیق کے مطابق ویک اینڈ پر ورزش کرنے والوں میں ہارٹ فیلیئر کا خطرہ تقریباً 38 فیصد کم ہوا، جبکہ باقاعدگی سے پورے ہفتے ورزش کرنے والوں میں اس خطرے میں 36 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔ ورزش کا تسلسل اہم، مگر وقت کی کمی رکاوٹ نہیں محققین کا کہنا ہے کہ یہ نتائج ان افراد کے لیے حوصلہ افزا ہیں جو روزانہ ورزش کے لیے وقت نہیں نکال سکتے۔ اگر ہفتہ بھر مصروفیت ہو تو بھی ویک اینڈ پر مناسب دورانیے کی جسمانی سرگرمی اختیار کر کے دل کی صحت کو بہتر بنایا جا سکتا ہے اور کئی سنگین بیماریوں کے خطرات کم کیے جا سکتے ہیں۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل