Loading
فیفا ورلڈ کپ 2026 کے فائنل میں اسپین کی تاریخی فتح کا جشن ماتم میں تبدیل ہوگیا، جشن منانے کے دوران فوارے کا ایک حصہ گرنے سے 13 سالہ لڑکا جاں بحق جبکہ متعدد افراد زخمی ہوگئے۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق حادثہ اسپین کے مغربی صوبے سالامانکا کے تاریخی شہر سیوداد روڈریگو میں پیش آیا، اسپین کی فتح کا جشن منانے کے لیے سیکڑوں افراد شہر کے مرکزی آربول گورڈو فوارے کے اطراف جمع تھے۔
ریسکیو حکام کے مطابق فوارے کا بالائی حصہ اچانک ٹوٹ کر نیچے گر گیا جس کے نتیجے میں متعدد افراد ملبے تلے دب گئے۔
حادثے میں 13 سالہ لڑکا موقع پر ہی جان کی بازی ہار گیا جبکہ ایک اور نوجوان کی ٹانگ ٹوٹنے کی تصدیق ہوئی ہے اور اسے تشویشناک حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا۔ دیگر زخمیوں کو بھی طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔
بلدیہ سیوداد روڈریگو نے اپنے بیان میں جاں بحق بچے کے اہل خانہ سے تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ پورا شہر اس غم میں برابر کا شریک ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ جو لمحہ اسپین کی قومی ٹیم کی ورلڈ کپ فتح کا جشن ہونا چاہیے تھا وہ ایک افسوسناک واقعے میں بدل گیا ہے۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق فوارے پر بڑی تعداد میں افراد چڑھ گئے تھے جس کے باعث اس کا اوپری حصہ وزن برداشت نہ کر سکا اور گر گیا۔
واضح رہے کہ اسپین نے نیویارک، نیو جرسی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے فیفا ورلڈ کپ 2026 کے فائنل میں ارجنٹینا کو اضافی وقت میں 0-1 سے شکست دے کر 2010 کے بعد دوسری مرتبہ عالمی چیمپئن بننے کا اعزاز حاصل کیا۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل