Loading
شہر قائد میں 16 سالہ لڑکی کو مبینہ زیادتی کے بعد کس نے قتل کیا، اس حوالے سے پولیس تفتیش میں خوفناک انکشافات سامنے آئے ہیں۔
پولیس کے مطابق 16 سالہ آرمیش کے اندھے قتل کا معما حل کرلیا گیا ہے اور واقعے کے مرکزی ملزم کو بھی گرفتار کرلیا گیا ہے۔ ملزم مقتولہ کا سابق منگیتر اور قریبی رشتے دار نکلا۔
ابتدائی تفتیش کے مطابق مقتولہ کی دوسری جگہ پر منگنی ہو گئی تھی، جس پر ملزم رنجش رکھتا تھا اور اس نے مبینہ طور پر زیادتی کے بعد گلا دبا کر 16 سالہ آرمیش کو قتل کیا۔ وقوعے کے وقت مقتولہ گھر میں اکیلی تھی اور اس کی والدہ ملازمت پر گئی ہوئی تھی۔
پولیس کے مطابق مقتولہ کے والد کا پہلے ہی انتقال ہو چکا ہے جب کہ ملزم اور مقتولہ ایک ہی رہائشی عمارت میں رہتے تھے۔ قتل کے بعد شاطر ملزم نے شبہے سے بچنے کے لیے پولیس کے ساتھ تلاش میں بھی حصہ لیا تھا۔
مبینہ زیادتی اور قتل کے الزام میں گرفتار ملزم کی شناخت فیضان ولد محمد اسحاق کے نام سے ہوئی ہے، جسے جدید تکنیکی شواہد اور سائنسی تفتیش سے ٹریس کیا گیا۔ پولیس نے مقدمے میں دفعہ 376 بھی شامل کی ہے۔
دریں اثنا پولیس نے ملزم کا جسمانی ریمانڈ حاصل کر کے مزید تفتیش شروع کردی ہے۔
واضح رہے کہ 4 مارچ کو کیماڑی کے علاقے میں 16 سالہ آرمیش کا قتل ہوا تھا اور فلیٹ سے اس کی پھندا لگی لاش ملی تھی، جس کے بعد انویسٹی گیشن پولیس جیکسن کی ٹیم نے واقعے کی تحقیقات کرکے مقدمے کو انجام تک پہنچایا۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل