Loading
بھارت میں حکومت مخالف احتجاج کے دوران کانگریس کے سینئر رہنما راہول گاندھی ان کی بہن پریانکا گاندھی واڈرا اور متعدد دیگر رہنماؤں کو پولیس نے حراست میں لے لیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق نوجوانوں کی ابھرتی ہوئی جماعت کاکروچ جنتا پارٹی کے احتجاج میں نوجوان مظاہرین پر پولیس تشدد کے خلاف کانگریس نے وزیراعظم نریندر مودی کی رہائش گاہ کے قریب احتجاجی دھرنا دیا تھا۔
مظاہرین نے حالیہ واقعات میں نوجوانوں پر پولیس کارروائی، تعلیمی بدعنوانی اور بے روزگاری کے خلاف نعرے لگائے جب کہ وزیراعظم نریندر مودی اور وزیر داخلہ امیت شاہ سے استعفے کا مطالبہ بھی کر رہے تھے۔
احتجاج کی قیادت راہول گاندھی کر رہے تھے جبکہ پریانکا گاندھی بھی کارکنوں کے ہمراہ موجود تھیں جنھیں منتشر کرنے کے لیے پولیس نے طاقت کا استعمال کیا اور راہول گاندھی، پریانکا گاندھی اور متعدد کانگریسی کارکنوں کو حراست میں لے لیا۔
کانگریس کا کہنا ہے کہ یہ احتجاج نوجوانوں پر مبینہ پولیس تشدد، سرکاری ملازمتوں میں بے ضابطگیوں، امتحانی پرچوں کے لیک ہونے، تعلیمی نظام میں بدعنوانی اور بڑھتی ہوئی بے روزگاری کے خلاف کیا گیا تھا۔
واضح رہے کہ بھارت میں گزشتہ کئی ہفتوں سے لاکھوں طلبا اور نوجوان مختلف ریاستوں میں احتجاج کر رہے ہیں۔
مظاہرین کا مؤقف ہے کہ سرکاری ملازمتوں کے امتحانات اور میڈیکل داخلہ ٹیسٹ میں پیپر لیک ہونے کے واقعات نے نوجوانوں کا مستقبل داؤ پر لگا دیا ہے، جبکہ وہ وفاقی وزیر تعلیم کے استعفے کا بھی مطالبہ کر رہے ہیں۔
ادھر کانگریس نے حکومت پر اختلافِ رائے کو دبانے اور پرامن احتجاج کو طاقت کے ذریعے روکنے کا الزام عائد کیا ہے جبکہ حکومتی حلقوں کی جانب سے اس معاملے پر فوری ردعمل سامنے نہیں آیا۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل