Wednesday, July 22, 2026
 

کراچی، ڈیفنس میں تیز رفتار بائڈ ڈالا پھول بیچنے والوں پر چڑھ دوڑا، باپ جاں بحق، بیٹا زخمی

 



شہر قائد میں ڈیفنس فیز 6 کے خیابانِ بخاری سگنل پر پیش آنے والے ایک دل دہلا دینے والے ٹریفک حادثے نے ایک غریب خاندان سے اس کا سہارا چھین لیا۔ فٹ پاتھ پر دن بھر پھول بیچنے کے بعد آرام کرنے والے باپ اور اس کے معصوم بچوں پر تیز رفتار بائڈ ڈالا چڑھ دوڑا جس کے نتیجے میں 40 سالہ خادم موقع پر جاں بحق جبکہ ان کا 4 سالہ بیٹا ذیشان زخمی ہوگیا۔ ایک اور بچہ معجزانہ طور پر محفوظ رہا۔ ریسکیو اور پولیس کے مطابق حادثہ اس وقت پیش آیا جب خادم اپنے دو بچوں کے ساتھ فٹ پاتھ پر سو رہے تھے۔ بے قابو ڈبل کیبن ڈالا فٹ پاتھ پر چڑھ گئی اور باپ بیٹے کو کچلتی ہوئی آگے نکل گئی۔ زخمی اور جاں بحق افراد کو جناح اسپتال منتقل کیا گیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ حادثے کے بعد گاڑی کا ڈرائیور زخمی بچے اور جاں بحق شخص کو اسپتال پہنچا کر موقع سے فرار ہوگیا۔ گاڑی پر رجسٹریشن نمبر پلیٹ بھی موجود نہیں تھی جبکہ ملزم اور گاڑی کی تلاش جاری ہے۔ پولیس کے مطابق جاں بحق ہونے والا خادم کورنگی کے علاقے ناصر جمپ کا رہائشی تھا اور روزانہ اپنے بچوں کے ساتھ ڈیفنس کے سگنلز پر پھول فروخت کرکے گھر کا خرچ چلاتا تھا۔ دن بھر کی محنت کے بعد وہ بچوں سمیت فٹ پاتھ پر ہی آرام کر رہا تھا کہ حادثے نے اس کے خاندان کی دنیا بدل دی۔ واقعے کے بعد متوفی کے بیٹے نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے آبدیدہ آنکھوں کے ساتھ بتایا کہ ہم پھول بیچتے ہیں۔ پہلے ہم اسکول جاتے تھے لیکن والد کی ٹانگ ٹوٹنے کے بعد روزگار کے لیے پھول بیچنا شروع کر دیے۔ لوگوں نے ہمیں بتایا کہ ہمارے والد کے اوپر گاڑی چڑھ گئی ہے۔ والد صاحب چھوٹے بھائی کے ساتھ فٹ پاتھ پر سو رہے تھے۔ اس نے مزید بتایا کہ ہم سات بہن بھائی ہیں اور کورنگی ناصر جمپ کے قریب رہتے ہیں۔ والد پورا دن پھول بیچنے کے بعد کچھ دیر آرام کر رہے تھے کہ یہ افسوسناک حادثہ پیش آگیا۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل