Loading
مقبوضہ کشمیر میں تیز بارشوں کے بعد بھارت کی جانب سے پانی چھوڑے جانے کے بعد دریائے چناب میں اونچے درجے کا سیلاب ہے جس کے پیش نظر ہیڈ مرالہ اور قادرآباد پر ہائی فلڈ الرٹ جاری کر دیا گیا۔
بھارت نے سلال ڈیم کے تمام گیٹ کھولے دیے اور پانی کا بڑا ریلہ پاکستان کی جانب چھوڑ دیا۔ اس حوالے سے سیالکوٹ اور وزیرآباد کے علاقوں میں سیلابی صورتحال پر ہائی الرٹ جاری کیا گیا ہے۔
محکمہ ایریگیشن پنجاب کے مطابق دریائے چناب میں پانی کی سطح بلند ہونے لگی ہے اور ریلا آئندہ 48 گھنٹوں میں دریاِئے چناب وزیرآباد پہنچنے کا امکان ہے۔
پاکستان محکمہ موسمیات کے فلڈ فورکاسٹنگ ڈویژن کے مطابق 23 جولائی صبح 6 بجے کی صورتحال میں دریائے چناب کے ہیڈ خانکی، قادرآباد اور تریمو پر اونچے درجے (ہائی) کا سیلاب ریکارڈ کیا گیا ہے، جبکہ ہیڈ مرالہ اور بلوکی پر درمیانے درجے کا سیلاب جاری ہے۔
تربیلا، چشمہ، تونسہ، گدو اور پنجند پر نچلے درجے جبکہ ناروال نالہ، ڈیک نالہ اور نالہ بئیں میں بھی نچلے درجے کا سیلاب ہے۔
ہیڈ مرالہ میں 275,608 کیوسک، ہیڈ خانکی میں 261,463 کیوسک، قادرآباد میں 236,255 کیوسک، منگلا میں 99,000 کیوسک، تریمو میں 95,913 کیوسک اور ہیڈ بلوکی میں 73,635 کیوسک ہے۔
تربیلا ڈیم میں پانی کی سطح 1519.11 فٹ ہے، جو 69 فیصد بھر گیا جبکہ گزشتہ سال اسی روز 80 فیصد تھا۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل