Loading
سپریم کورٹ،خلع کے وقت خاتون کو نصف حق مہر واپس کرنے سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی، جسٹس جمال مندوخیل کی سربراہی میں پانچ رکنی شریعت اپیلیٹ بنچ نے سماعت کی۔
عدالت نے سابق سربراہ شعبہ تحقیق اسلامی نظریاتی کونسل ڈاکٹر انعام اللہ کو عدالتی معاون مقرر کر دیا،
سینئر ایڈووکیٹ ڈاکٹر بابر اعوان بھی عدالتی معاون مقرر کردیے گئے۔
دوران سماعت عدالت میں گڈ ٹو سی یو کا تذکرہ ہوا، بابر اعوان نے کہا کہ ڈاکٹر خالد مسعود کو بینچ میں دیکھ کر اچھا لگا، جسٹس جمال مندوخیل نے بابر اعوان سے مکالمہ کیا کہ کیا باقی ججز کو دیکھ کر اچھا نہیں لگا؟
بابر اعوان نے جواب دیا کہ سب کو دیکھنا اچھا لگا لیکن ڈاکٹر صاحب کو دیکھ کر خوشی ہوئی۔
جسٹس شہزاد ملک نے کہا کہ گڈ ٹو سی یو، ان کے اس جملے پر عدالت میں قہقہے لگ گئے ۔
جسٹس ملک شہزاد نے استفسار کیا کہ سوال یہ ہے کہ خلع لینے پر حق مہر چھوڑنے کی کوئی قدغن لگائی جا سکتی ہے؟ جسٹس ملک شہزاد احمد نے سوال اٹھایا کہ شریعت کورٹ کے مطابق عورت پر حق مہر کا نصف واپسی کی قدغن نہیں لگ سکتی، قرآن پاک فرماتا ہے کہ عورت کچھ دے کر جان چھڑوا سکتی ہے۔
جسٹس جمال مندوخیل نے ریمارکس دیے کہ پنجاب حکومت کا قانون کہتا ہے عورت خلع لے تو مہر کا 50% واپس کرے، وفاقی شرعی عدالت نے پنجاب کا قانون کالعدم قرار دیدیا تھا۔
بابر اعوان نے کہا کہ اردو میں کچھ کا مطلب جزو ہوتا ہے،جسٹس جمال مندوخیل نے استفسار کیا کہ لفظ کچھ سے مراد کیا ہوگی اس حوالے سے معیار مقرر کیا جا سکتا ہے؟
جسٹس ڈاکٹر خالد مسعود نے کہا کہ یہ بھی دیکھنا ہوگا کہ قرآن پاک میں کچھ کی تفسیر کیا بیان کی گئی ہے،
بابر اعوان نے کہا کہ اس اہم نکتے کی عدالتی تشریح ضروری ہے، کئی خواتین کا جزوی یا مکمل مہر واپسی کے معاملے پر استحصال کیا جاتا ہے۔
جسٹس ملک شہزاد نے ریمارکس دیے کہ استحصال بعض اوقات دونوں اطراف سے ہوتا ہے، کئی گروہ سرگرم ہیں جو امیر آدمی سے شادی کرکے دو ماہ بعد خلع لے لیتے ہیں۔
بابر اعوان نے کہا کہ شریعت اپیلٹ بنچ کا طے کردہ اصول سب پر لازم ہوگا، عدالت نے ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل سے استفسار کیا کہ پنجاب حکومت نے کیا ہدایات دی ہیں؟ ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل نے جواب دیا کہ حکام کو کہا ہے علماء سے رائے لیکر ہدایات دیں۔
عدالت نے مزید سماعت گرمیوں کی تعطیلات کے بعد تک ملتوی کر دی۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل