Loading
پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول نے آزاد کشمیر انتخابات کے دوران نکیال میں ن لیگ اور پی پی کے تصادم میں پیپلز پارٹی کے کارکن کی ہلاکت کا الزام ن لیگ پر عائد کردیا۔
اپنے بیان میں پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے شہید کارکن کے اہل خانہ سے تعزیت کرتے ہوئے الزام عائد کیا کہ مسلم لیگ (ن) کے امیدوار سردار عمیر نعیم کی جانب سے فائرنگ کے نتیجے میں ان کے کارکن مختار یونس شہید ہوئے۔
بلاول بھٹو زرداری نے سوال اٹھایا کہ متعلقہ حکام اور الیکشن کمیشن کہاں ہیں؟ انہوں نے کہا کہ اگر دو روز قبل سامنے آنے والی مبینہ فائرنگ کی ویڈیو کا بروقت نوٹس لیا جاتا تو آج ایک قیمتی انسانی جان ضائع نہ ہوتی۔
ان کا کہنا تھا کہ مختار یونس، پیپلز پارٹی کے امیدوار جاوید بڈھانوی کے ساتھ بھرپور انتخابی مہم چلا رہے تھے اور مخالفین اپنی ممکنہ شکست دیکھ کر اوچھے ہتھکنڈوں پر اتر آئے ہیں۔
دوسری جانب پاکستان پیپلز پارٹی کی نائب صدر سینیٹر شیری رحمان نے بھی نکیال میں پولنگ کے دوران مختار یونس کی شہادت اور دو کارکنوں کے زخمی ہونے کی شدید مذمت کرتے ہوئے واقعے کو انتہائی افسوسناک قرار دیا۔
انہوں نے الزام عائد کیا کہ حلقے میں مسلم لیگ (ن) کے امیدوار کی جانب سے خوف و ہراس کی فضا قائم کی گئی اور گزشتہ کئی روز سے پیش آنے والے مبینہ پرتشدد واقعات کے باوجود کارروائی نہیں کی گئی۔
شیری رحمان نے الیکشن کمیشن سے فوری نوٹس لینے، قاتلوں کی گرفتاری، شفاف تحقیقات، سخت قانونی کارروائی اور انتخابی عمل کو ہر صورت پرامن، شفاف اور غیر جانبدار بنانے کا مطالبہ کیا۔
انہوں نے کہا کہ سیاسی اختلاف کو تشدد میں بدلنے والوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائی ہونی چاہیے۔
سینیٹر شیری رحمان نے ایل اے-8 کوٹلی ون راج محل کے متعدد پولنگ اسٹیشنز پر مبینہ بے ضابطگیوں کے باعث فوری ری پولنگ کا بھی مطالبہ کیا۔ انہوں نے الزام لگایا کہ پیپلز پارٹی کے پولنگ ایجنٹ کو مبینہ طور پر یرغمال بنایا گیا جبکہ پولنگ اسٹیشنز 76، 77، 79 اور 91 سے 94 تک مختلف شکایات موصول ہوئی ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ بڑھتے ہوئے ہجوم اور امن و امان کی صورتحال کے پیش نظر اضافی پولیس اور سکیورٹی فورس تعینات کی جائے، تمام شکایات کی غیر جانبدارانہ تحقیقات کرائی جائیں اور ووٹرز کو آزادانہ حقِ رائے دہی کے استعمال کے لیے محفوظ ماحول فراہم کیا جائے۔ شیری رحمان نے کہا کہ شفاف انتخابی عمل یقینی بنائے بغیر انتخابی نتائج پر عوام کا اعتماد بحال نہیں ہو سکتا، اس لیے الیکشن کمیشن فوری مداخلت کرے۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل