Loading
اغوا کے بعد قتل کیے گئے نوجوان کے والد کی گفتگو سامنے آ گئی، جس میں انہوں نے بتایا کہ مقتول 25 سالہ میر رضا علی ان کا اکلوتا بیٹا اور آئی بی اے کا طالب علم تھا۔
واضح رہے کہ پی ای سی ایچ ایس سے اغوا نوجوان کی لاش گلستان جوہر میں واقع شادی ہال کے قریب جھاڑیوں سے ملی تھی۔ مقتول کی بہادر آباد چورنگی پر واف لکس کی دکان تھی۔
والد نے بتایا کہ بیٹا 28 جولائی کو رات 4 بجے لاپتا ہوا اور گزشتہ روز اس کی لاش گلستان جوہر سے ملی ہے ۔ میر رضا میرا اکلوتا بیٹا تھا اور آئی بی اے سے بی بی اے کر رہا ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ بیٹا 5 سال سے اپنا ذاتی کاروبار کر رہا تھا، اس کی بہادر آباد اور نارتھ ناظم آباد میں ڈزرٹ شاپ تھی۔
یہ خبر بھی پڑھیں: پی ای سی ایچ ایس سے اغوا نوجوان کی لاش گلستان جوہر میں جھاڑیوں سے مل گئی
انہوں نے بتایا کہ بیٹے کے اغوا کا مقدمہ فیروز آباد تھانے میں درج ہے ، تاہم پولیس کو بیٹے کی لاش ملی ہے، موبائل فون اب تک پولیس کو نہیں مل سکا ہے ۔ بیٹا بہت محنت کرکے نیچے سے اوپر آیا تھا ۔ اس میں کوئی عیب نہیں تھا، نہ ہی اس کی کسی جماعت سے سیاسی وابستگی تھی ۔
انہوں نے کہا کہ میرا ایک ہی مطالبہ ہے کہ مجھے انصاف فراہم کیا جائے۔ بیٹے کے قتل میں کون لوگ ملوث ہیں، انہیں گرفتار کرکے قرار واقعی سزا دی جائے ۔ انہوں نے بتایا کہ جس طرح بچے گھر سے جاتے ہیں، ویسے ہی میرے بیٹے نے کہا کہ میں کچھ دیر میں واپس آتا ہوں، مگر وہ گھر سے نکلا اور پھر اس کی لاش واپس آئی۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل