Loading
وفاقی حکومت نے تمام سول پنشنرز، دفاعی تخمینوں سے پنشن حاصل کرنے والے سویلین افراد، ریٹائرڈ مسلح افواج کے اہلکاروں اور سول آرمڈ فورسز کے پنشنرز کی بنیادی (بیس لائن) پنشن میں 7 فیصد اضافہ کردیا۔
وزارت خزانہ کے جاری کردہ آفس میمورنڈم کے مطابق یہ اضافہ یکم جولائی 2026ء سے موٴثر ہوگا اور اس کا اطلاق ان تمام پنشنرز پر ہوگا جن کی بیس لائن پنشن کا تعین وزارتِ خزانہ کی یکم جنوری 2025، 7 جولائی 2025 اور 5 اگست 2025 کی متعلقہ ہدایات کے مطابق کیا گیا ہے۔
آفس میمورنڈم میں کہا گیا ہے کہ یہ 7 فیصد اضافہ ان سرکاری ملازمین کو بھی حاصل ہوگا جو یکم جولائی 2026 یا اس کے بعد ریٹائر ہوئے ہیں۔
دستاویز کے مطابق یکم جولائی 2022 کو دیا گیا 15 فیصد پنشن اضافہ اور سات جولائی 2025 کو منظور کیا گیا سات فیصد اضافہ بھی یکم جولائی 2026 یا اس کے بعد ریٹائر ہونے والے سرکاری ملازمین کے لیے بدستور قابلِ اطلاق رہے گا۔
آفس میمورنڈم کے مطابق یہ اضافہ فیملی پنشن، پنشن کم گریجویٹی اسکیم 1954، لبرلائزڈ پنشن رولز 1977، سنٹرل سول سروسز (ایکسٹرا آرڈینری پنشن) رولز کے تحت منظور شدہ پنشن اور کمپیشنٹ الاوٴنس پر بھی قابلِ اطلاق ہوگا۔
نوٹی فکیشن میں مزید کہا گیا ہے کہ اگر کسی پنشن کی ادائیگی وفاقی حکومت اور کسی دوسرے حکومت کے درمیان قواعد کے مطابق مشترکہ بنیاد پر کی جا رہی ہو تو پنشن میں اضافے کی رقم بھی دونوں حکومتوں کے درمیان مقررہ تناسب سے تقسیم کی جائے گی۔
وزارتِ خزانہ نے واضح کیا ہے کہ اس آفس میمورنڈم کے تحت منظور کیا گیا 7 فیصد اضافہ پری ریٹائرمنٹ آرڈرلی الاوٴنس کے بدلے دی جانے والی اسپیشل ایڈیشنل پنشن اور ڈرائیور یا آرڈرلی کی مونیٹائزڈ ویلیو پر قابلِ اطلاق نہیں ہوگا۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل