Loading
سی ٹی ڈی پنجاب نے صوبے کے مختلف شہروں میں کارروائیاں کرتے ہوئے مبینہ بھارتی خفیہ ایجنسی "را" کے 5 ایجنٹس سمیت 54 دہشت گردوں کو گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔
ترجمان سی ٹی ڈی کے مطابق دہشت گردی کے خدشات کے پیش نظر گزشتہ دو ماہ کے دوران پنجاب کے مختلف اضلاع میں 419 انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز (IBOs) کیے گئے۔ کارروائیاں لاہور، فیصل آباد، راولپنڈی، سرگودھا، جہلم، پاکپتن، گوجرانوالہ، ساہیوال اور اوکاڑہ میں کی گئیں۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ گرفتار دہشت گردوں سے بھاری مقدار میں دھماکہ خیز مواد برآمد ہوا، جس میں 12 آئی ای ڈی بم، 42 ڈیٹونیٹرز، 98 فٹ سیفٹی فیوز وائر، ممنوعہ اسٹیکرز، کتابیں اور نقدی شامل ہیں۔
سی ٹی ڈی کے مطابق گرفتار ملزمان میں وارث خان، نصر، منور حسین، کامل داد، زاہد، انعام اللہ، مطیع اللہ، جلال اور جمشید سمیت دیگر شامل ہیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ دہشت گرد شہریوں میں خوف و ہراس پھیلانے کی منصوبہ بندی کر رہے تھے۔
مزید برآں، ترجمان کے مطابق دو ماہ کے دوران 13,572 کومبنگ آپریشنز کے دوران 1,193 مشتبہ افراد کو گرفتار کیا گیا، جبکہ 4 لاکھ 94 ہزار 642 افراد سے پوچھ گچھ کی گئی۔
سی ٹی ڈی ترجمان نے کہا کہ ادارہ محفوظ پنجاب کے ہدف پر عمل پیرا ہے اور دہشت گردی کے ناسور کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کے لیے پرعزم ہے۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل