Loading
پاکستان نے کوریا کو مسلسل تیسرے میچ میں شکست دے کر ہاکی ٹیسٹ سیریز میں تین صفر سے فیصلہ کن برتری حاصل کرلی۔
پاکستان ہاکی فیڈریشن کے زیرِ اہتمام نصیر بندہ ہاکی اسٹیڈیم اسلام آباد میں جاری پاکستان-کوریا ٹیسٹ سیریز کے تیسرے ٹیسٹ میچ میں پاکستان کی قومی ہاکی ٹیم نے عمدہ اور جارحانہ کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے جنوبی کوریا کو 3-4 سے شکست دے دی۔
میچ میں پاکستان نے شاندار کم بیک کرتے ہوئے کامیابی حاصل کی۔ میچ کے آغاز میں کوریا نے جارحانہ کھیل کا مظاہرہ کیا اور پہلے ہاف کے اختتام پر 0-1 کی برتری حاصل کر لی تھی۔
تاہم، کھیل کے دوسرے ہاف میں پاکستان کی ٹیم نے شاندار کھیل پیش کرتے ہوئے متواتر گول اسکور کیے اور میچ 3-4 سے اپنے نام کر لیا۔
پاکستان کی جانب سے حیات زکریا نے 32 ویں منٹ، رانا وحید اشرف نے 45 ویں منٹ، عبدالرحمٰن نے 55 ویں منٹ اور شاہد حنان 57 ویں منٹ فیلڈ گول اسکور کیا۔
کوریا کی جانب سے کم ہیونگ جن نے 10 ویں منٹ، یانگ جی ہون 33 ویں منٹ، کم یونگ بوک نے 50 ویں منٹ میں اسکور کیا۔
میچ کے مہمانِ خصوصی وفاقی محتسب اعلی نوید کامران بلوچ تھے، جنہوں نے اسٹیڈیم میں بیٹھ کر دونوں ٹیموں کے درمیان کھیلے گئے سنسنی خیز مقابلے اور کھلاڑیوں کی پرفارمنس کو سراہا۔
میچ کے اختتام پر منعقدہ پروقار تقریب میں پاکستان ہاکی فیڈریشن کے صدر محی الدین احمد وانی کی جانب سے مہمان خصوصی کو یادگاری شیلڈ پیش کی گئی۔
اس موقع پر چیئرمین پی ایچ ایف ڈویلپمنٹ کمیٹی اولمپین حسن سردار اور چیئرمین سیلیکشن کمیٹی اولمپین سمیع اللہ خان، ڈی جی پی ایس بی سپورٹس بورڈ یاور حسین بھی موجود تھے۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل