Loading
صنعاء: یمن کے ایران حمایت یافتہ حوثی گروپ نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے بحیرۂ احمر میں سعودی عرب کے شہر ینبع کے ساحل کے قریب ایک سعودی آئل ٹینکر کو بیلسٹک میزائلوں سے نشانہ بنایا ہے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق حوثیوں کے فوجی ترجمان یحییٰ سریع نے ایک ویڈیو بیان میں کہا کہ ان کے جنگجوؤں نے سعودی آئل ٹینکر "وفا" پر متعدد بیلسٹک میزائل داغے، جس سے جہاز کو کامیابی سے نشانہ بنایا گیا۔
یحییٰ سریع کے مطابق یہ کارروائی بحیرۂ احمر میں سعودی بحری راستوں کے خلاف حوثیوں کی جاری کارروائیوں کا حصہ ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ 22 جولائی سے شروع کی گئی مبینہ بحری ناکہ بندی کے بعد یہ آٹھواں جہاز ہے جسے نشانہ بنایا گیا ہے۔
حوثی ترجمان نے مزید کہا کہ ان کی کارروائیاں اس وقت تک جاری رہیں گی جب تک ان کے اعلان کردہ بحری محاصرے کے مقاصد پورے نہیں ہو جاتے۔
تاحال سعودی عرب کی حکومت یا متعلقہ بحری حکام کی جانب سے اس حملے کی باضابطہ تصدیق یا تردید سامنے نہیں آئی، جبکہ آئل ٹینکر کو پہنچنے والے ممکنہ نقصان یا عملے کی صورتحال کے بارے میں بھی کوئی سرکاری معلومات جاری نہیں کی گئیں۔
اس واقعے کے بعد بحیرۂ احمر میں بین الاقوامی جہاز رانی اور توانائی کی ترسیل کے حوالے سے خدشات مزید بڑھ گئے ہیں، کیونکہ یہ سمندری راستہ عالمی تجارت اور تیل کی نقل و حمل کے لیے انتہائی اہم سمجھا جاتا ہے۔
دفاعی اور بحری امور کے ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر بحیرۂ احمر میں تجارتی جہازوں پر حملوں کا سلسلہ جاری رہا تو اس کے عالمی توانائی کی منڈی، انشورنس اخراجات اور بین الاقوامی شپنگ پر گہرے اثرات مرتب ہو سکتے ہیں۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل