Wednesday, August 05, 2026
 

کامن ویلتھ گیمز: پاکستانی باکسر سمیت کئی ایتھلیٹس گلاسگو میں لاپتہ

 



گلاسگو میں منعقدہ کامن ویلتھ گیمز 2026 کے اختتام کے بعد پاکستانی باکسر سمیت کئی ممالک کے ایتھلیٹس کے لاپتہ ہونے کی اطلاعات پر اسکاٹ لینڈ پولیس نے تحقیقات شروع کردی ہیں۔ پولیس کے مطابق مختلف ممالک کے چند کھلاڑی اپنی ٹیموں کے ساتھ وطن واپس نہیں گئے اور ان کے بارے میں معلومات اکٹھی کی جا رہی ہیں جبکہ اس سلسلے میں برطانوی ہوم آفس سے بھی رابطہ کیا گیا ہے۔ رپورٹس کے مطابق یوگنڈا کی باکسنگ ٹیم کے چار اراکین نُہو باتے، اینجل کاتوشابے، ابراہیم کیمس اور ایملی ناکالیما مقررہ پرواز میں سوار نہیں ہوئے۔ مقامی میڈیا کا دعویٰ ہے کہ ان میں سے ایک باکسر نے بتایا کہ وہ اسکاٹ لینڈ میں پناہ حاصل کر کے بہتر تربیتی سہولیات اور کھیل کے زیادہ مواقع سے فائدہ اٹھانا چاہتے ہیں۔ دوسری جانب رپورٹس میں دعویٰ کیا گیا ہے پاکستانی باکسر قدرت اللہ بھی اپنی ٹیم کے ہمراہ پاکستان روانہ نہیں ہوئے۔ ٹیم حکام جب انہیں تلاش کرنے ان کے کمرے میں پہنچے تو وہ وہاں موجود نہیں تھے۔ کامن ویلتھ گیمز گلاسگو 2026 کی انتظامیہ نے کہا ہے کہ تقریباً تین ہزار ایتھلیٹس کی محفوظ واپسی کے لیے پولیس، بارڈر فورس اور یو کے ویزاز اینڈ امیگریشن کے ساتھ مل کر کام کیا جا رہا ہے۔ واضح رہے کہ 2014 کے گلاسگو کامن ویلتھ گیمز کے بعد بھی متعدد ایتھلیٹس لاپتہ ہوئے تھے جن میں بعض نے بعد ازاں برطانیہ میں پناہ کی درخواستیں جمع کرائی تھیں۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل