Loading
وزیراعظم شہباز شریف نے ڈسکوز کی نجکاری کے معاملے میں صارفین کے مفاد کو اولین ترجیح دینے کی ہدایات دے دیں۔
بجلی کی ترسیلی کمپنیوں (ڈسکوز) کی نجکاری اور پرائیویٹائزیشن کمیشن کی اصلاحاتی تنظیم نو پر جائزہ اجلاس وزیراعظم کی زیر صدارت ہوا، جس میں انہوں نے خصوصی ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ ڈسکوز کی نجکاری میں عالمی معیار کے سرمایہ کاروں کی شمولیت یقینی بنانے کے لیے موثر اور جامع حکمت عملی اختیار کی جائے۔
شہباز شریف نے کہا کہ نجکاری کمیشن میں جاری ادارہ جاتی اصلاحات اور تنظیم نو کا کام ایک ماہ میں مکمل کیا جائے۔ نجکاری کے عمل میں سرمایہ کاروں کی شمولیت کے لیے اندرون و بیرون ملک کیے جانے والے کامیاب روڈ شوز باعث اطمینان ہیں۔ ڈسکوز کی نجکاری کے تمام مراحل مقررہ مدت میں طے شدہ قواعد اور بہترین حکمت عملی کے مطابق منافع بخش انداز میں مکمل کیے جائیں۔
انہوں نے کہا کہ نجکاری کمیشن کی افرادی قوت میں عالمی معیار کے مالیاتی، قانونی اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کے ماہرین شامل کیے جائیں۔ عالمی معیار کی افرادی قوت اور ماہرین نجکاری کمیشن کی استعداد کار اور اداروں میں سرمایہ کاری بڑھانے کے لیے موثر اقدامات کو یقینی بنائے گی۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ نجکاری کے مراحل میں بہترین پیشہ ورانہ استعداد کے حامل کنسلٹنٹ کی تجاویز کو یقینی بنایا جائے ۔ نجکاری کے مراحل کی سہولت کے لیے درکار تمام قانونی انتظامات اور مالیاتی ریگولیشن فریم ورک کی بروقت تکمیل کو یقینی بنایا جائے۔
اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے وزیراعظم نے ہدایات دیں کہ نجکاری کے عمل میں صارفین کے مفاد کو ترجیح دی جائے۔ نجکاری میں شامل اداروں میں مستقبل میں صارفین کی شکایت کے ازالے کا جامع اور موثر انتظامی ڈھانچہ یقینی بنایا جائے۔
قبل ازیں اجلاس میں دی گئی بریفنگ میں بتایا گیا کہ نجکاری کے پہلے مرحلے میں شامل ترسیلی کمپنیز گیپکو، فیسکو اور آئیسکو میں سرمایہ کاروں کی دلچسپی کے لیے اندرون و بیرون ملک روڈ شوز مکمل کر لیے گئے ہیں۔ ترکیہ، سعودی عرب اور چائنا میں روڈ شوز اور سرمایہ کاروں سے نجکاری کے تناظر میں روابط کے حوصلہ افزاء نتائج سامنے آرہے ہیں۔
اجلاس میں نجکاری کمیشن کی جانب سے ترسیلی کمپنیز کے پہلے مرحلے کی تکمیل کے لیے اب تک کہ کیے گئے اقدامات پر بریفنگ دی گئی۔ مزید براں نجکاری کمیشن کی ادارہ جاتی تنظیم نو کے تناظر میں بہترین افرادی قوت کی شمولیت پر پیش رفت پر بھی بریفنگ دی گئی۔
اجلاس میں وفاقی وزیر برائے تو انائی سردار اویس احمد خان لغاری، وفاقی وزیر برائے اقتصادی امور احد خان چیمہ، وفاقی وزیرانفارمیشن ٹیکنالوجی شزا فاطمہ خواجہ، وزیراعظم کے مشیر برائے نجکاری محمد علی اور متعلقہ سرکاری اداروں کے عہدے داران نے شرکت کی۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل