Sunday, August 09, 2026
 

امریکا میں گرل فرینڈ کو قتل کرنے والا بھارتی شہری جرمنی سے گرفتار

 



امریکی گرل فرینڈ کو قتل کرنے کے الزام میں بھارتی شہری کو جرمنی سے گرفتار کر لیا گیا۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکی ریاست ایریزونا کے شہر ٹکسن میں 19 سالہ کالج طالبہ جولیسا روبی سالازار کے مبینہ قتل کے الزام میں اس کے 20 سالہ بھارتی بوائے فرینڈ ورون بیچگاری کو جرمنی میں گرفتار کر لیا گیا۔ پولیس کے مطابق جولیسا کو یونیورسٹی آف ایریزونا کے قریب واقع اپنے اپارٹمنٹ میں مردہ پایا گیا، جہاں اس کے جسم پر تشدد کے نشانات بھی موجود تھے۔ ٹکسن پولیس نے بتایا کہ اہل خانہ کی درخواست پر جولیسا کی خیریت معلوم کرنے کے لیے پولیس کو اپارٹمنٹ بھیجا گیا تھا جہاں وہ بے ہوش حالت میں ملی۔ تفتیش کے دوران ورون کو مرکزی مشتبہ شخص قرار دیا گیا اور اس کے خلاف فرسٹ ڈگری قتل اور اغوا کے الزامات میں وارنٹ جاری کیے گئے۔ حکام کے مطابق ورون مبینہ طور پر ٹکسن انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے ہیوسٹن گیا جہاں سے اس نے جرمنی کے لیے پرواز پکڑی۔ پولیس اور امریکی حکام نے جرمن اداروں کے تعاون سے اسے جرمنی پہنچنے کے بعد گرفتار کر لیا جہاں سے اسے ایریزونا واپس لانے کے لیے حوالگی کی کارروائی جاری ہے۔ پولیس نے بتایا کہ کہ تفتیش کے دوران مقتولہ کا فون اور کریڈٹ کارڈز بھی مبینہ طور پر ورون کے قبضے میں ہونے سے متعلق معلوم ہوا جبکہ اس کی جانب سے جولیسا کے اہل خانہ کو بھیجے گئے پیغامات نے خاندان کو تشویش میں مبتلا کیا تھا۔ ورون پر ماضی میں گھریلو تشدد سے متعلق الزامات بھی سامنے آئے ہیں، تاہم قتل کے مقدمے میں اس پر عائد الزامات عدالت میں ثابت ہونا باقی ہیں۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل