Tuesday, August 11, 2026
 

انڈونیشیا میں مردوں کیلئے خواتین کا لباس پہننا حرام قرار، علما کونسل کا بڑا اعلان

 



جکارتہ: انڈونیشیا کی بااثر اسلامی تنظیم انڈونیشین علماء کونسل نے مردوں کو یومِ آزادی کی تقریبات کے دوران خواتین کا لباس پہننے سے گریز کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے اسے شرعی اعتبار سے حرام قرار دیا ہے۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق انڈونیشیا میں ہر سال 17 اگست کو یومِ آزادی منایا جاتا ہے اور اس موقع پر ملک بھر میں مختلف تفریحی مقابلوں، کھیلوں اور پریڈز کا انعقاد کیا جاتا ہے۔ ان تقریبات میں بعض علاقوں میں ایک پرانی اور مقامی روایت کے تحت مرد خواتین کے ملبوسات، حتیٰ کہ حجاب پہن کر فٹ بال کھیلتے ہیں۔ یہ سرگرمی عام طور پر تفریح اور مزاح کے طور پر کی جاتی ہے اور اسے صنفی شناخت کے اظہار کے بجائے یومِ آزادی کی تقریبات کا حصہ سمجھا جاتا ہے۔ تاہم انڈونیشین علماء کونسل نے حالیہ بیان میں اس روایت پر اعتراض کیا ہے۔ کونسل کے فتوٰی کمیشن نے کہا کہ مردوں کا خواتین کا لباس پہننا شریعت اور معاشرتی اقدار کی خلاف ورزی کا باعث بن سکتا ہے۔ کونسل نے خواتین کے مردوں کا لباس پہننے کو بھی اسی تناظر میں قابلِ اعتراض قرار دیا ہے۔ MUI نے اپنے بیان میں کہا کہ اس اقدام کا مقصد اس کے بقول لیزبین، گی، سوڈومی اور فحاشی سے متعلق تحریک کی مبینہ سرگرمیوں کو روکنا ہے۔ تنظیم LGBT کی اصطلاح کے بجائے LGSP کا مخفف استعمال کرتی ہے۔ انڈونیشیا میں حالیہ برسوں کے دوران LGBTQ افراد اور ان کے حقوق کے حوالے سے سماجی اور سیاسی بحث میں شدت آئی ہے۔ ملک کے بعض حلقوں میں اس حوالے سے سخت مؤقف بھی سامنے آتے رہے ہیں۔ رپورٹ کے مطابق MUI اس سے قبل بھی مردوں کے خواتین کا لباس پہننے کے خلاف مؤقف اختیار کر چکی ہے، تاہم تازہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب ملک میں LGBTQ سے متعلق حساسیت اور مخالفت میں اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔ انڈونیشیا میں یومِ آزادی کی تقریبات ہر سال بڑے جوش و خروش سے منائی جاتی ہیں۔ ملک کے مختلف علاقوں میں رسہ کشی، بوری ریس، کریکر کھانے کے مقابلے، چکنے کھمبے پر چڑھنے کے مقابلے اور رنگا رنگ پریڈز منعقد کی جاتی ہیں۔ کئی مقامی برادریوں میں مردوں کا خواتین کا لباس پہن کر فٹ بال کھیلنا بھی انہی تفریحی سرگرمیوں کا حصہ رہا ہے۔ مقامی سطح پر اسے عموماً مزاحیہ اور تفریحی سرگرمی کے طور پر دیکھا جاتا ہے۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل