Tuesday, August 11, 2026
 

2 بیویوں کے قاتل نے ضمانت پر رہا ہوتے ہی 3 سالہ بیٹے کو قتل کردیا

 



اپنی دو بیویوں کے قاتل نے عدالت سے ضمانت پر رہا ہوتے ہی 3 سالہ بیٹے کو بھی قتل کردیا۔ تھانہ حضرو کی حدود میں گاؤں غورغشتی کے قبرستان سے ملنے والی 3 سالہ بچے کی لاش کا معمہ حل ہوگیا۔ پولیس کے مطابق مقتول بچے عمر شاہ کا سگا باپ ہی اس کا قاتل نکلا، جس نے بچے کو موت کے گھاٹ اتار کر قبرستان میں دفن کردیا تھا۔ پولیس کے مطابق ملزم سجاد احمد شاہ چند روز قبل ہی جیل سے ضمانت پر رہا ہوا تھا۔ وہ اپنی 2 بیویوں کے قتل کے جرم میں گرفتار تھا۔ قاتل کا 3 سالہ بیٹا عمر شاہ والدہ کے قتل کے بعد اپنی نانی کے گھر مقیم تھا، جہاں سے باپ اسے اپنے ساتھ لے گیا تھا۔ ڈی پی او اٹک نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ملزم سجاد شاہ کو فوری گرفتار کرنے کے احکامات جاری کیے تھے، جس کے بعد  پولیس نے قاتل باپ کو گرفتار کرلیا ہے اور واقعے کی مزید تفتیش شروع کردی ہے۔ پولیس کے مطابق مقتول 3 سالہ عمر شاہ کی لاش گزشتہ روز غورغشتی کے قبرستان سے ملی تھی۔ واقعے پر تھانہ حضرو پولیس نے مقدمہ قتل درج کرلیا ہے، جس کے مدعی انچارج پولیس چوکی غورغشتی سب انسپکٹر سجاد احمد ہیں۔ پولیس کے مطابق مقدمے کی تفتیش انچارج ایچ آئی یو حضرو سرکل انسپکٹر انجم سہیل کررہے ہیں۔ پی ایف ایس اے ٹیم راولپنڈی اور کرائم سین یونٹ نے جائے وقوع سے شواہد بھی اکھٹے کرلیے ہیں۔ دریں اثنا 3 سالہ عمر شاہ کی لاش کا تحصیل ہیڈکوارٹر اسپتال حضرو سے پوسٹ مارٹم بھی کرایا گیا ہے۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل