Loading
اپنے دور کے عظیم بیٹسمین و سابق ٹیسٹ کپتان حنیف محمد کی 10 ویں برسی انتہائی احترام کے ساتھ منائی گئی۔
اس موقع پر ان کے صاحبزادے سابق ٹیسٹ کرکٹر شعیب محمد کی رہائش گاہ پر قرآن خوانی میں عزیزواقارب اور کرکٹرز نے بڑی تعداد میں شرکت کی،ان میں حنیف محمد کے چھوٹے بھائی سابق ٹیسٹ کرکٹرصادق محمد بھی شامل تھے، گورنر سندھ سید محمد نہال ہاشمی بھی مرحوم کے گھر پہنچے، انہوں نے شعیب محمد سے ملاقات کی اور حنیف محمد کی قومی کرکٹ کے لیے گراں قدر خدمات کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔
اس موقع پر گورنر سندھ نے کہا کہ دنیائے کرکٹ میں لٹل ماسٹر کے نام سے شہرت پانے والے حنیف محمد پاکستان کے عظیم کرکٹ لیجنڈ اور قومی کھیل کا قابلِ فخر سرمایہ تھے۔ ان کے شاندار کارنامے پاکستان کی کھیلوں کی تاریخ کا روشن باب ہیں، حنیف محمد کے نام سے کرکٹ اکیڈمی کے قیام کے لیے ہر ممکن تعاون کیا جائے گا۔
اس متعلق شعیب محمد نے کہا کہ ان کے والد حنیف محمد کی ہمیشہ خواہش رہی کہ پاکستان کرکٹ کی دنیا میں بلند مقام حاصل کرے۔
یاد رہے کہ حنیف محمد کو پاکستان کی طرف سے پہلی ٹرپل سنچری اسکور کرنے کا اعزاز حاصل ہے۔ 1952 میں بھارت کے خلاف پہلا ٹیسٹ کھیلنے والے حنیف محمد نے کیریئر میں لاتعداد ریکارڈز اپنے نام کیے۔
انہوں نے55 ٹیسٹ میچز کی 97 اننگز میں 3 ہزار 915 رنز اسکور کیے۔ جن میں 12 سنچریز اور 15 ففٹیز بھی شامل تھیں۔
حنیف محمد نے 1958 میں ویسٹ انڈیز کے خلاف کنگسٹن ٹیسٹ میں 337 رنز کی ریکارڈ ساز اننگ کھیلی۔ اس دوران وہ 970 منٹ تک کریز پر کھڑے رہے اور پاکستان کو یقینی شکست سے بچایا۔
حنیف محمد نے کراچی کی طرف سے بہاولپور کے خلاف فرسٹ کلاس کرکٹ میں 499 رنز کی اننگ کھیلی اور آسٹریلیا کے سر ڈان بریڈ مین کا ریکارڈ توڑا۔ حنیف محمد کو کرکٹ میں غیر معمولی خدمات پر حکومت پاکستان کی طرف سے تمغہ حسن کارکردگی سے نوازا گیا۔
لٹل ماسٹر کو گوگل نے اپنے ڈوڈل کے ذریعے خراج تحسین پیش کیا جبکہ وہ آئی سی سی کرکٹ ہال آف فیم میں بھی شامل رہے۔
حنیف محمد کا تعلق کرکٹ کی محمدن فیملی سے تھا۔ ان کے بھائیوں وزیر محمد، رئیس محمد، مشتاق محمد اور صادق محمد نے بھی کرکٹ کھیلی۔ رئیس محمد کے علاوہ باقی چاروں بھائی وزیر محمد 20، مشتاق محمد 57 اور صادق محمد 41 ٹیسٹ میں پاکستان کی نمائندگی کااعزاز رکھتے ہیں جبکہ ان کی والدہ امیر بی بی متحدہ بھارت کی ویمن بیڈ منٹن چیمپئن رہیں۔
21 دسمبر 1934 کو بھارتی گجرات میں پیدا ہونے والے حنیف محمد طویل علالت کے بعد 11 اگست 2016 کو کراچی میں انتقال کرگئے تھے۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل