Loading
نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے حکام کو صومالیہ کے ساحل پر ہائی جیک ہونے وابحری جہاز کے پاکستانی عملے کی رہائی کے لیے سفارتی کوششیں تیز کرنے کی ہدایت کردی۔
ترجمان دفترخارجہ کے مطابق نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے صومالیہ کے ساحل کے قریب قزاقوں کے ہاتھوں ہائی جیک کیے گئے بحری جہاز ایم ٹی آنر 25 پر سوار 10 پاکستانی شہریوں کی بحفاظت اور جلد رہائی کے لیے جاری کوششوں کا جائزہ لینے کے لیے اعلیٰ سطح کا اجلاس طلب کیا۔
انہوں نے بتایا کہ نائب وزیراعظم نے اجلاس کی صدارت کی، جس میں پاکستانی یرغمالیوں کی بحفاظت رہائی کے لیے حکومت کی جانب سے تیز کی گئی کوششوں کا جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں نائب وزیراعظم نے تمام متعلقہ فریقین کو قریبی اور مستقل رابطہ کاری برقرار رکھنے کی ہدایت کی۔
اسحاق ڈار نے پاکستانی شہریوں کی بحفاظت رہائی کے لیے قومی و بین الاقوامی شراکت داروں، صومالی حکام اور متعلقہ عالمی اداروں کے ساتھ سفارتی رابطے مزید مؤثر بنانے پر زور دیا۔
نائب وزیراعظم نے یرغمال بنائے گئے پاکستانی شہریوں کے اہل خانہ کے ساتھ اظہار یک جہتی کرتے ہوئے کہا کہ حکومت پاکستان صورت حال پر مکمل نظر رکھے ہوئے ہے۔
انہوں نے امید ظاہر کی کہ مسلسل اور مربوط سفارتی رابطوں کے نتیجے میں مثبت پیش رفت ہوگی اور پاکستانی شہری بحفاظت اپنے اہل خانہ کے پاس واپس پہنچیں گے۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل