Saturday, August 15, 2026
 

گورنر ٹیکساس نے ایئرپورٹس پر وضو اور نماز کی سہولت پر اعتراض اٹھادیا

 



ٹیکساس کے گورنر گریگ ایبٹ نے ڈیلس فورٹ ورتھ اور ہیوسٹن کے ایئرپورٹس پر مسلمانوں کے لیے وضو اور نماز کی سہولتوں کو مبینہ مذہبی امتیاز قرار دیتے ہوئے سرکاری گرانٹس کے جائزے کا حکم دے دیا۔ رپورٹ کے مطابق گورنر نے امریکی محکمۂ ٹرانسپورٹیشن اور فیڈرل ایوی ایشن ایڈمنسٹریشن کو دونوں ایئرپورٹس پر موجود یا مجوزہ مذہبی سہولتوں کا جائزہ لینے کی ہدایت بھی کی ہے۔ گریگ ایبٹ کے مطابق سرکاری ملکیتی تنصیبات میں کسی ایک مذہب کے پیروکاروں کو مخصوص سہولت فراہم کرنا مذہبی امتیاز کے زمرے میں آ سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ضرورت پڑنے پر ایئرپورٹس کی موجودہ گرانٹس واپس لینے یا مستقبل میں فنڈز روکنے پر بھی غور کیا جائے گا۔ ان کا کہنا ہے کہ چونکہ دونوں ایئر پورٹس سرکاری ملکیت میں ہیں، اس لیے حکومت کسی ایک مذہبی نقطۂ نظر کو دوسروں پر ترجیح نہیں دے سکتی۔ انہوں نے سوشل میڈیا پر بھی اپنے مؤقف کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ ٹیکس دہندگان کے پیسے سے چلنے والی سرکاری سہولتوں میں غیر قانونی مذہبی امتیاز کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ گورنر کے اس اقدام کے بعد اب توجہ امریکی محکمۂ ٹرانسپورٹیشن اور فیڈرل ایوی ایشن ایڈمنسٹریشن کے ممکنہ ردِعمل پر مرکوز ہو گی، جبکہ گورنر کے اس اقدام نے مذہبی آزادی، مساوی سہولتوں اور سرکاری اداروں میں مختلف مذاہب کے مسافروں کو فراہم کی جانے والی سہولتوں سے متعلق نئی بحث چھیڑ دی ہے۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل