Friday, August 21, 2026
 

وزیراعظم کی خصوصی ہدایت پر نادرا کا پنشنرز کے لیے اہم اقدام

 



وزیراعظم  شہباز شریف کی خصوصی ہدایت پر نادرا نے اہم اقدام کرتے ہوئے پروف آف لائف سرٹیفکیٹ کے مفت اجرا کی سہولت  متعارف کرادی۔ ترجمان نادرا نے کہا کہ پنشنرز اب گھر بیٹھے پاک آئی ڈی سے سرٹیفکیٹ حاصل کر سکتے ہیں، موبائل ایپ استعمال نہ کرنے والے پنشنر کے خاندان کا کوئی فرد سرٹیفکیٹ بنوا سکتا ہے، پروف آف لائف کی مفت سہولت 5 ہزار ای سہولت فرنچائزز پر بھی دستیاب ہے۔ 988 نادرا مراکز اور 500 یونین کونسلز سے بھی سرٹیفکیٹ مفت بنوایا جا سکتا ہے، نادرا مراکز اور یونین کونسلز میں پنشنرز کو ترجیحی بنیاد پر خدمات فراہم کی جائیں گی، موبائل رجسٹریشن وین، بائیکر سروس اور مین پیک سروس کے ذریعے بھی سہولت دستیاب ہوگی۔ وزارتِ داخلہ، وزارتِ دفاع، سی جی اے اور ایم اے جی کے اشتراک سے سہولت فراہم کی گئی، نادرا نے سی جی اے اور ایم اے جی کے پنشنرز کے لیے نیشنل پنشنرز رجسٹر قائم کر دیا۔ یہ رجسٹر پنشنر کی شناخت اور پروف آف لائف سٹیٹس کی ڈیجیٹل تصدیق کا مستند ذریعہ ہے، پنشنر کی وفات ڈیتھ نوٹیفکیشن ٹول یا سی آر ایم ایس میں درج ہونے پر پنشن کنٹرولر کو اطلاع مل جائے گی۔ ثانوی یا فیملی پنشنرز کی عمر یا ازدواجی حیثیت میں تبدیلی کی بھی اطلاع دی جائے گی، پنشن جاری رکھنے، تبدیل کرنے یا بند کرنے کا فیصلہ متعلقہ مجاز پنشن اتھارٹی کرے گی۔ مجاز بینک نیشنل پنشنرز رجسٹر سے پنشنر کا پروف آف لائف سٹیٹس براہِ راست چیک کر سکیں گے، ڈیجیٹل تصدیق سے پنشن کے لیے بار بار ذاتی حاضری اور کاغذی تصدیق کی ضرورت کم ہوگی، دیگر سرکاری اور نجی اداروں کے پنشنرز  کو بھی نیشنل پنشنر رجسٹر میں شامل کیا جائے گا۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل