Loading
خواتین کو نجی ڈیٹا اور قابل اعتراض جعلی تصاویر کے ذریعے بلیک میل کرنے والا ملزم گرفتار کرلیا گیا۔
ڈائریکٹر این سی سی آئی اے پنجاب محمد علی وسیم کی ہدایات پر رحیم یار خان سے سائبر بلیک میلر محمد سلمان کو گرفتار کرلیا گیا۔ ملزم پر بیرون ملک ملازمت کے دوران خواتین کے نجی ڈیٹا اور تصاویر تک غیر مجاز رسائی حاصل کرنے کا الزام ہے۔
این سی سی آئی اے کے مطابق ملزم پاکستان واپسی پر غیر ملکی خواتین کی جعل سازی سے بنائی گئی قابل اعتراض تصاویر کے ذریعے رقم کا مطالبہ کرتا تھا اور رقم نہ دینے پر تصاویر اور ذاتی معلومات سوشل میڈیا پر وائرل کرنے کی دھمکیاں دی جاتی تھیں۔
ملزم خواتین کو ان کی تصاویر اور ذاتی معلومات اہل خانہ کو بھیجنے کی دھمکیاں بھی دیتا تھا۔ این سی سی آئی اے لاہور نے ملزم سے برآمد شدہ موبائل فون سے نجی و قابل اعتراض مواد تحویل میں لے کر مقدمہ درج کرلیا ہے۔
این سی سی آئی اے کے مطابق ملزم کے ڈیجیٹل آلات کا فرانزک جائزہ جاری ہے تاکہ دیگر متاثرہ خواتین سے متعلق مزید شواہد سامنے لائے جاسکیں۔ ڈائریکٹر این سی سی آئی اے پنجاب محمد علی وسیم نے خواتین کو سائبر بلیک میلنگ اور ہراساں کرنے والوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کے عزم کا اظہار کیا ہے۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل