Tuesday, August 25, 2026
 

ڈیزل قیمت میں اضافہ مسترد، 15 روزہ قیمتوں کا نظام نافذ کیا جائے، پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ اونرز

 



آل پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ اونرز ایسوسی ایشن کے صدر محمد اویس چوہدری ایڈووکیٹ نے ڈیزل کی قیمت میں ایک بار پھر اضافے کو مسترد کرتے ہوئے حکومت سے بار بار ڈیزل کی قیمت بڑھانے کا سلسلہ فوری طور پر بند کرنے کا مطالبہ کیا ہے، کیونکہ اس کا براہِ راست بوجھ ٹرانسپورٹرز اور عام عوام پر پڑ رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت ایک لیٹر ڈیزل پر 100 روپے سے زائد ٹیکسز و ڈیوٹیز وصول کر رہی ہے، اس کے باوجود قیمت میں مسلسل اضافہ سمجھ سے بالاتر ہے۔ ڈیزل پر عائد بھاری ٹیکسز و ڈیوٹیز پر فوری نظرثانی کی ضرورت ہے تاکہ ٹرانسپورٹرز اور عوام کو ریلیف مل سکے۔ محمد اویس چوہدری نے کہا کہ ڈیزل کی قیمت میں اضافہ صرف ٹرانسپورٹرز کا مسئلہ نہیں، ڈیزل مہنگا ہونے سے مال برداری، فریٹ ریٹس، صنعت، تجارت اور بالآخر عام آدمی متاثر ہوتا ہے۔ ہر چند دن بعد قیمت تبدیل ہونے سے کاروباری طبقہ بھی غیر یقینی کا شکار رہتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ گڈز ٹرانسپورٹرز کے ساتھ کیے گئے تحریری معاہدے کے مطابق پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کا جائزہ ہر 15 روز بعد لیا جانا چاہیے۔ حکومت روزانہ قیمتوں میں ردوبدل کے بجائے 15 روزہ قیمتوں کا باقاعدہ نظام نافذ کرے۔ محمد اویس چوہدری نے کہا کہ حکومت کو سمجھنا چاہیے کہ ڈیزل کی قیمت میں استحکام مہنگائی کم کرنے کی مؤثر پالیسی ہے۔ معیشت کا پہیہ چلانے والے ٹرانسپورٹ سیکٹر کو مزید بوجھ تلے دبانے کے بجائے حکومت ٹرانسپورٹرز اور عوام کو ریلیف دے۔  

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل